15 مئی، 1961 کو ترکی ایک گاڑی بناتا ہے جس کا نام ڈیورم (Devrim) رکھا جاتا ہے، لیکن وہ کبھی کمرشل طور پر مارکیٹ میں نہیں آ پاتی۔
اس کے بعد ایک گاڑی انادول بنتی ہے، پھر بیرون ملک سے کمپنیوں کا زور ہو جاتا ہے، مینوفیکچرنگ پلانٹس لگتے ہیں۔
ترکی گاڑیاں برآمد کرنا بھی شروع کرتا ہے، لیکن ایسی کار جو مکمل ترکی میں بنی ہو، ویسا کچھ نہیں ہو پاتا۔
پھر ترک صدر رجب طیب اردوغان 2018 میں ’قومی گاڑی‘ بنانے کا ارادہ کرتے ہیں اور 2020 میں 99 یوم جمہوریہ پر ملک کے پہلے قومی کار مینوفیکچرنگ پلانٹ، جیملک کیمپس کا افتتاح ہوتا ہے۔
2022 میں پہلی گاڑی بنتی ہے اور مارچ 2023 میں ٹوگ (TOGG) ٹی ٹین ایکس مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار ہوتی ہے۔
2024 میں ٹوگ ٹی ٹین ایکس ترک الیکٹرک کار مارکیٹ میں تقریباً 30,100 یونٹس کی فروخت اور 30 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ سرفہرست ہوتی ہے۔ یہ 2023 کی نسبت 53.6 فیصد بڑھوتی ہے۔
ٹوگ پانچ ترک کمپنیوں کے اشتراک سے شروع ہوئی اور اس کا دعویٰ ہے کہ ’ہم اپنی برانڈ کے لیے ’گاڑی‘ کا لفظ استعمال نہیں کرتے، یہ گاڑی سے بڑھ کر ہو گی، گھر جیسا محسوس کروائے گی۔‘
اٹلی کی فراری ڈیزائن کرنے والی کمپنی پنینفرینا کے ساتھ ایک ترک ڈیزائنر نے مل کر یہ ایس یو وی گاڑی ڈیزائن کی جو کمپنی ویب سائٹ کے مطابق مضبوط سٹیل سے بنی ہے اور ایک چارج کے بعد 523 کلومیٹر تک کی رینج فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ آدھے گھنٹے میں اس گاڑی کی بیٹری 80 فیصد تک چارج کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے ترکی میں اس وقت ٹوگ کے 700 سے زائد چارجنگ سٹیشن ہیں۔
52.4 اور 88.7 کلو واٹ، دو بیٹریوں کے آپشن اس گاڑی میں موجود ہیں۔
ایکسیلیٹر دبائیں تو زیرو سے 100 کی رفتار پر یہ کمپنی کے مطابق 218 ہارس پاور والی گاڑی 7.4 سیکنڈ میں پہنچتی ہے۔
ایک اور بڑے مزے کی چیز اس گاڑی کا ساؤنڈ سسٹم ہے، پورے 12 سپیکر ہیں جو 470 واٹ کی ساؤنڈ آؤٹ پٹ دیتے ہیں۔
اس گاڑی میں سات ایئر بیگ ہیں۔ انٹیریئر میں سامنے ایک کونے سے دوسرے کونے تک آپ کو سکرین ہی پھیلی نظر آئے گی۔
29 انچ کا پینورامک پینل جو ڈیش بورڈ کی پوری چوڑائی جتنا بنتا ہے اور ڈرائیور کے سامنے 12 انچ کی سکرین ۔۔۔ حد نگاہ تک سکرین!
ٹوگ کی اس گاڑی کے ڈیزائن میں ترک ثقافت کی ایک جھلک ہمیں ٹیولپ کی شکل والی فرنٹ گرل اور پوشش کی سلائی میں نظر آتی ہے۔
اس ماڈل کی پہلی دو گاڑیاں اپریل 2023 میں ترک صدر رجب طیب اردوغان اور ان کی اہلیہ کو پیش کی گئیں اور عموماً ترکی میں سرکاری طور پر یہی گاڑی استعمال کی جاتی ہے۔
سی گرین اور سفید رنگوں کی یہی دو ٹوگ گاڑیاں صدر طیب اردوغان نے پاکستان کے دورے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کو الگ الگ تحفے میں پیش کیں، جس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم مستقبل میں ترکی سے گاڑیوں کے شعبے میں تعاون کے بھی خواہاں ہوئے۔