پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں میلہ سجنے میں اب چند ہی دن رہ گئے ہیں۔ تمام ٹیموں کے سکواڈ تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جا رہے ہیں۔
آغاز کراچی سے 20 فروری کو ہو گا جس کے بعد لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں بھی میچز کھیلے جائیں گے۔
اس سلسلے میں پاکستان سپر لیگ کی دو مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے اسلام آباد میں پریکٹس شروع کر دی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہوم گراؤنڈ بھی راولپنڈی ہے اس لیے کھلاریوں نے جلد ہی یہیں پریکٹس سیشنز کا آغاز کر دیا۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس کرنے والے کھلاڑیوں میں سے چند نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کی اور بتایا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں لیکن اس سے ان کے کامبینیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر رومان رئیس، محمد موسیٰ اور ظفر گوہر نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں سے بڑی تعداد میں سٹیڈیم آنے کا کہا اور ساتھ میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اس مرتبہ بھی اپنے فینز کو مایوس نہیں کرے گی۔
رومان ریئس کا کہنا تھا: ’اسلام آباد یونائیٹڈ کو سپورٹ کرنے آئیں تو زیادہ سے زیادہ لال رنگ پہن کر آئیں کیونکہ جیت کا رنگ لال ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ مثبت ٹیم ہے جو ڈریسنگ روم میں منفی سوچ لاتے ہی نہیں۔ ان کے خیال میں یہی وجہ ہے کہ ان کی ٹیم کو کامیابی زیادہ ملتی ہے۔
اسی طرح نجوان بولر محمد موسیٰ نے اسلام آباد یونائیٹڈ میں اپنے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال ان کا تجربہ کم تھا تاہم اس مرتبہ ان کا کارکردگی بہتر ہوگی کیونکہ انہوں نے اس حوالے سے وقار یونس کے ساتھ کافی کام کیا ہے۔
ظفر گوہر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا ریکارڈ اب تک کافی اچھا رہا ہے۔ ’ایک دو غیرملکی کھلاری تبدیل ہوئے ہیں باقی تین سالوں سے کامبینیشن یہی رہا ہے۔‘
اب تک کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے چار ایڈیشنز میں سے دو اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتے جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک، ایک مرتبہ فائنل میں کامیابی حاصل کی۔
ان ٹیموں کے علاوہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز اب تک کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں رہی ہیں جبکہ لیگ کی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز قدرے بہتر پرفارم تو کر پائی ہے تاہم فائنل تک پہنچنے میں وہ بھی ناکام ہی رہی ہے۔