انگلینڈ کے بعد اب جنوبی افریقہ کے وزیر برائے کھیل نے بھی پاکستان میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران افغانستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے وزیر کھیل گیٹن مک کنزی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھی اپنے ہی قوانین کی ’پاسداری نہ کرنے‘ پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انگلینڈ اور جنوبی افریقہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کے ہمراہ افغانستان کے ساتھ ایک ہی گروپ میں ہیں۔ جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان 21 فروری کو کراچی میں میچ کھیلا جانا ہے۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی آئندہ ماہ 19 فروری سے پاکستان میں کھیلی جانی ہے جبکہ انڈیا اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔
جنوبی افریقہ کے وزیر کھیل گیٹن مک کنزی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ان کے خیال میں انہیں اس عوامی مطالبے کی ’اخلاقی حمایت‘ کرنی چاہیے جس میں افغان طالبان کی حکومت کی جانب سے خواتین کے کھیل اور قومی کرکٹ ٹیم پر پابندی کے بعد چیمپیئنز ٹرافی میں ان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا کہا جا رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق گیٹن مک کنزی نے کہا: ’میں بطور وزیر کھیل حتمی فیصلہ نہیں لے سکتا کہ آیا جنوبی افریقہ کو افغانستان کے خلاف میچ کھیلنا چاہیے یا نہیں۔ اگر یہ میرا فیصلہ ہوتا تو یقینی طور پر یہ میچ نہ ہوتا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا: ’بطور ایک ایسے انسان جو ایک ایسی نسل سے تعلق رکھتا ہے جسے نسلی امتیاز کے دوران کھیلوں کے مواقع تک مساوی رسائی نہیں تھی، آج جب دنیا میں کہیں بھی خواتین کے ساتھ ایسا ہی کیا جا رہا ہے تو منہ پھیر لینا منافقانہ اور غیر اخلاقی ہوگا۔
’مجھے امید ہے کہ کرکٹ سے وابستہ تمام افراد بشمول سپورٹرز، کھلاڑیوں اور منتظمین افغان خواتین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔‘
دو روز قبل برطانوی ارکان پارلیمان نے بھی طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے خلاف پابندیوں کے تناظر میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم سے آئندہ ماہ پاکستان میں منعقدہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں افغانستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا مطالبہ کیا تھا۔
برطانوی ارکان پارلیمان نے یہ مطالبہ ایک خط میں کیا، جس پر 160 سے زائد برطانوی سیاست دانوں نے دستخط کیے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) افغان طالبان کی جانب سے ’خواتین کے حقوق غصب‘ کرنے کے خلاف واضح موقف اختیار کرے اور 26 فروری کو لاہور میں ہونے والے افغانستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ کا بائیکاٹ کرے۔