پاکستان سپر لیگ میں ڈھول بجا کر شہرت پانے والی اریشما مریم کا کہنا ہے کہ انہیں کرکٹ کی کوئی خاص سمجھ بوجھ نہیں، لیکن پی ایس ایل کے میچوں میں انہیں ڈھول بجانا اچھا لگتا ہے۔
لاہور کے ایک کاروباری گھرانے سے تعلق رکھنے والی اریشما مریم پاکستان سپر لیگ کے گذشتہ سیزن میں ملتان سلطانز کی ٹیم کے ساتھ منسلک تھیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ انٹرویو میں اریشما مریم کا کہنا تھا کہ انہیں مختلف ساز بجانے کا شوق تھا لیکن انہیں ڈھول بجانے میں زیادہ دلچسپی تھی۔
اریشما نے پی ایس ایل فائیو کے انعقاد پر سٹیڈیم میں جوش وجذبہ بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ انہیں کرکٹ کا شوق نہیں لیکن جو ٹیم بھی پیسے دے گی وہ ان کے ساتھ ہو جائیں گی۔
اریشما نے او لیول کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کم عمری میں ہی ڈھول جیسا مشکل ساز بجانے میں مہارت حاصل کر لی تھی۔ انہوں نے اپنے مکان کے ہی ایک کمرے کو ساؤنڈ پروف بنایا ہوا ہے اور وہیں روزانہ ایک گھنٹہ ڈھول کی مشق کرتی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ پی ایس ایل میچز کے دوران ڈھول بجانے گئیں تو مرد تماشائی انہیں خاتون سمجھ کر تنگ کرنے کی بجائے ان کی حفاظت کے لیے حصار بنا لیتے ہیں۔
’پاکستانی بہت زیادہ خیال رکھنے والی قوم ہے اگر وہ خیال رکھنا چاہے تو۔ لوگ میچ بھول جاتے ہیں جب میں ڈھول بجاتی ہوں۔‘
پاکستان میں میوزک کمپنیوں اور مستقبل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں بڑی میوزک کمپنی نہ ہونے سے یہاں کے لوگوں کو عالمی سطح پر ٹیلنٹ منوانے کے لیے بھارتی اور غیر ملکی کمپنیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔‘
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ تو بہت ہے لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں۔
’مجھے کسی نے لانچ نہیں کیا، میں نے خود کو خود ہی لانچ کیا ہے۔ یہاں جو تھوڑی بہت کمپنیاں ہیں بھی تو وہ فراڈ ہیں۔‘