پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے ٹیموں اور پاکستان کرکٹ بورڈ دونوں ہی کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور کل 10 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کے لیے مقابلوں کا آغاز بس ہونے ہی والا ہے۔
کرکٹ بورڈ کی جانب سے انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پورے ٹورنامنٹ کے لیے کل دس لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک ہونے والی پی ایس ایل 2020 کو ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں سب سے بڑا کرکٹ میلہ قرار دیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل جو 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا کی فاتح ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے ہمراہ پانچ لاکھ امریکی ڈالرز انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم دو لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم وصول کرے گی۔
ان انعامات کے علاوہ ٹورنامنٹ کے دوران کھیلے جانے والے 34 میچوں میں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 4500 امریکی ڈالرز ملیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
80 ہزار امریکی ڈالرز ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین بولر اور سپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈز جیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ باقی ماندہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق 34 میچز پر مشتمل 32 روزہ ایونٹ، ایچ بی ایل پی ایس فائیو، ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے۔
اس سے قبل پاکستان، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 1987 اور 1996 کے میچوں کی میزبانی بھی کرچکا ہے۔ ورلڈکپ 1987 میں پاکستان نے سات مختلف مقامات پر 10 میچوں کی میزبانی کی تھی۔
جبکہ ورلڈ کپ 1996 میں پاکستان نے چھ مختلف مقامات پر 16 میچوں کی میزبانی کی تھی۔
پی ایس ایل 2020 ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے جو ملک کے چار مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے نو میچز کراچی، 14 لاہور، آٹھ راولپنڈی اور تین ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ میچ نو بجے شب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، اس سے قبل ایونٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔