ایپل ’گیم سے باہر‘ ہوچکی ہے: مارک زکربرگ کی تنقید

میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے نئی ایجادات کرنا چھوڑ دیا ہے اور اب صرف آئی فون کی کامیابی سے پیسہ کما رہی ہے۔

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ 31 جنوری 2024 کو واشنگٹن میں امریکی سینیٹ کی عدلیہ کمیٹی میں بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کے حوالے سے مقدمے کی سماعت کے دوران موجود ہیں (برینڈن سمیالوسکی / اے ایف پی)

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے نئی ایجادات کرنا چھوڑ دیا ہے اور اب صرف آئی فون کی کامیابی سے پیسہ کما رہی ہے۔

اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جو روگن کے پوڈکاسٹ میں طویل گفتگو کرتے ہوئے مارک زکربرگ کا کہنا تھا: ’سٹیو جابز نے آئی فون ایجاد کیا اور اب وہ بس 20 سال سے اسی پر بیٹھے ہوئے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کم لوگ نئے آئی فون خرید رہے ہیں کیوں کہ ہر نیا ماڈل گذشتہ سے زیادہ بہتر نہیں ہوتا۔

زکربرگ کا ماننا ہے کہ ایپل آئی فون کی گرتی ہوئی فروخت کی تلافی ایپ بنانے والوں سے زیادہ پیسے لے کر کر رہا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی: ’یہ لوگ بنیادی طور پر دوسروں پر دباؤ ڈال کر اور ڈویلپرز پر 30 فیصد کا ٹیکس لگا کر یہ سب کر رہے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

زکربرگ خاص طور پر اس بات پر ناراض ہیں کہ ایپل دوسری کمپنیوں کی ڈیوائسز کو آئی فون کے ساتھ آسانی سے کام کرنے کی سہولت فراہم نہیں کرتی۔ انہوں نے ایئرپوڈز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایپل دوسری کمپنیوں کو ایسی ہی ٹیکنالوجی استعمال کرنے سے روکتا ہے۔ ’اگر ایسا نہ ہوتا تو شاید ایئرپوڈز کے مقابلے میں کہیں بہتر پراڈکٹس مارکیٹ میں ہوتیں۔‘

مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ایپل نے نئے آئیڈیاز متعارف کروانا چھوڑ دیا ہے اور اب صرف آئی فون کی کامیابی سے پیسہ کما رہی ہے۔

انہوں نے ایپل کے نئے وی آر ہیڈسیٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کا 35 سو ڈالر کا ویژن پرو، میٹا کے زیادہ سستے ہیڈسیٹ کے مقابلے میں اتنا اچھا نہیں، البتہ زکربرگ نے تسلیم کیا کہ ایپل بہتری لاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ان کا دوسرا اور تیسرا ورژن شاید پہلے ورژن سے بہتر ہوگا۔‘

زکربرگ نے یہ بھی بتایا کہ جب میٹا نے اپنے رے بین سمارٹ گلاسز کو آئی فون کے ساتھ بہتر طریقے سے چلانے کی کوشش کی، تو ایپل نے انکار کر دیا۔ زکربرگ کا دعویٰ ہے کہ ایپل نے سکیورٹی کو بہانہ بنایا۔ ’یہ غیر محفوظ ہے کیوں کہ آپ نے اس میں کوئی سکیورٹی شامل ہی نہیں کی اور اب آپ اسی کو جواز بنا رہے ہیں کہ صرف آپ کی پراڈکٹ آسانی سے کنیکٹ ہوسکتی ہے۔‘

زکربرگ کا ماننا ہے کہ ایپل کی طرف سے نئی پراڈکٹس سامنے آنے کی وجہ سے کوئی اور کمپنی اسے شکست دے دے گی۔ ان کے مطابق ایپل ’گیم سے باہر‘ ہو چکی ہے کیوں کہ وہ مزید نئی چیزیں پیش نہیں کر رہی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی