پاکستان کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں فالو آن کے بعد شاندار بیٹنگ کے باوجود جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دس وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جنوبی افریقہ نے اس طرح پاکستان کو دو ٹیسٹ میچ کی سریز میں دو صفر سے شکست دے دی ہے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے میزبان ٹیم کو جیتنے کے لیے 58 رنز کا ہدف دیا تھا جو جنوبی افریقہ نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر باآسانی آٹھویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
تاہم پاکستان کے لیے یہ میچ اس لیے بھی یادگار رہے گا کہ اس نے فالو آن ہونے کے بعد نہ صرف مطلوبہ خسارہ ختم کیا بلکہ جنوبی افریقہ کو دوبارہ بیٹنگ بھی کرنا پڑی۔
پاکستان ٹیم اس میچ میں اپنی پہلی اننگز میں صرف 194 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے بعد جنوبی افریقہ نے انہیں دوبارہ بیٹنگ کرنے کا کہا جس کا جواب پاکستان نے انتہائی عمدہ انداز میں دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک موقع پر جب شان مسعود اور بعد محمد رضوان کے ساتھ سلمان علی آغا کریز پر موجود تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان ایک بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
مگر جنوبی افریقہ نے نئی گیند ملتے ہی اوپر تلے وکٹیں لیتے ہوئے پاکستان کی برتری کو 57 تک ہی محدود کر دیا۔
پاکستان نے توقع کے بر خلاف دوسری اننگز میں 478 رنز بنائے جس میں کپتان شان مسعود کے 145، بابر اعظم 81، محمد رضوان 41 اور سلمان علی آغا کے 48 رنز شامل ہیں۔
اس میچ میں پاکستان کے لیے سب سے بڑا دھچکا اوپنر صائم ایوب کا زخمی ہونا تھا جو میچ کے پہلے ہی دن زخمی ہوگئے تھے اور پاکستان کو صرف 10 بلے بازوں کے ساتھ ہی کھیلنا پڑا۔
میچ کے دوران پچ کو دیکھتے ہوئے کامنٹیٹرز بار بار صائم ایوب کو یاد کرتے بھی سنائی دیے جن کا کہنا تھا کہ اس پچ پر ان فارم صائم ایوب بڑی اننگز کھیل سکتے تھے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی جانب سے رکلٹن کو 259 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور مارکو ینسن کو کل دس وکٹیں اور 80 رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔