سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر اور ڈان ٹی وی کے سابق رپورٹر ساجد گوندل ان کے اہل خانہ اور دوست کے مطابق جمعرات کی رات ’لاپتہ‘ ہو گئے۔
ان کے قریبی دوست اور پڑوسی محمد عمیر کے مطابق ساجد اپنی سرکاری گاڑی پر جمعرات کی رات آٹھ بجے کے قریب چک شہزاد آئے تھے، جہاں دونوں کی ملاقات میں معمول کی گپ شپ ہوئی جس کے بعد انہوں نے گھر کے لیے کچھ سامان لیا اور وہ چلے گئے۔
عمیر کے مطابق جمعے کی صبح جب وہ کسی کام سے نکلے تو کچھ ہی فاصلے پر واقع قومی زرعی تحقیقاتی مرکز کے سامنے ساجد گوندل کی گاڑی کھڑی پائی۔ انہوں نے گاڑی میں دیکھا تو اس میں کوئی موجود نہیں تھا البتہ سامان پڑا تھا۔
ساجد گوندل کے دوست نے مزید بتایا کہ انہوں نے کچھ ہی فاصلے پر شہزاد ٹاؤن میں واقع ساجد کی رہائش گاہ پر جاکر پوچھا تو پتہ معلوم ہوا کہ وہ پوری رات گھر نہیں آئے۔
ان کے مطابق اہل خانہ نے پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کر کے اطلاع دی کہ ساجد گذشتہ رات سے لاپتہ ہیں، جس کے بعد جمعے کو متعلقہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او حاکم خان نیازی نے اہل خانہ سے رابطہ کیا۔
ایس ایچ او کے مطابق جس مقام سے ساجد کی گاڑی ملی ہے وہاں آس پاس کیمرے موجود نہیں البتہ مین راول ڈیم کے پاس لگے کیمروں کو چیک کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ساجد گوندل کی اہلیہ سجیلہ ساجد گوندل نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کے شوہر کی گمشدگی کے مقدمے کی درخواست اور پٹیشن جمع کروا دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر اتنا عرصہ ڈان میں کام کرتے رہے اور اب ای ای سی پی میں تھے کبھی ایسا مسئلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ’ساجد گوندل دو دن سے ذہنی دباؤ میں تھے ہم سمجھے دفتری مصروفیات کی وجہ سے پریشان ہیں۔‘
جمعرات کی شام ایک نامعلوم مرد اور خاتون ان کا پوچھنے گھر آئے تو بچوں نے کہا ساجد گھر پر نہیں فارم پر گئے ہیں جس کے بعد وہ چلے گئے۔‘
سجیلہ کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد سیشن کورٹ سے بھی رجوع کر رہے ہیں اور پولیس سے بھی کیا ہے۔
ان کے مطابق ابھی تک کچھ پتہ نہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہوا اور وہ کہاں ہیں؟
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سوشل میڈیا پر ان کی 'بازیابی' سے متعلق پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ڈان اخبار اسلام آبادکے رپورٹر اسد ملک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر اور ڈان ٹی وی کے سابق رپورٹر ساجد گوندل کی گمشدگی کی اطلاعات۔ ذرائع کے مطابق ہائی پروفائل شخصیت کے کاروبار سے متعلق کسی صحافی سے رابطے کے شبہ میں انہیں 'نامعلوم افراد' نے اغوا کیا۔'
ادھر، صحافی احمد نورانی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں واضح کیا ہے کہ فیکٹ فوکس ویب سائٹ پر ان کی شائع ہونے والے خصوصی رپورٹ کے لیے ساجد گوندل نے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، تاہم اس بارے میں وہ جلد تفصیلی بیان جاری کریں گے۔
ساجد کی ’گمشدگی‘ سے متعلق سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔ ٹوئٹر صارفین نے سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے انہیں فوری تلاش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ساجد کا موبائل فون بھی رات سے بندہے،عمیر کے مطابق ان کا رات بھر کسی سے رابطہ نہیں ہوا۔