ہائبرڈ وار میں قومی قیادت ہر سطح پر ہدف ہے: آرمی چیف

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آئین اور قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آئین اور قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہماری قوت ہمارے عوام، ہمارا آئین جمہوریت اور وہ جمہوری اقدار ہیں جن کی پیروی ہمارے عوام کرتے ہیں، اس لیے ہمیں ان اقدار کا تحفظ کرنا ہے، ہمارے اقدامات آئین اور عوام کے اعتماد کے مطابق ہیں۔‘

آرمی چیف نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو انتہائی مشکل ترین حالت میں ذمہ داریاں ادا کرنے کا فرض سونپا گیا ہے۔‘

جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ’ہم منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں تاہم ہمیں احتیاط کا دامن تھامے رکھنا ہے۔‘

انہوں نے کیڈٹس سے کہا کہ ’اپنی ذمہ داریاں مکمل کر چکنے کے بعد بھی، آپ کو پاکستان کی سلامتی، سیکورٹی اور خوشحالی کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔‘

’پاکستان میں کوئی بھی کسی اور کے کیے کا جوابدہ نہیں، میں اعزاز سمجھتا ہوں کہ قوم کے سامنے جوابدہ ادارے کے طور پر حاضر رہتے ہیں اور جب بھی قوم کو ضرورت پڑی ہم نے بہترین نتائج کے لیے اپنا آپ پیش کر دیا۔‘

پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھارت کا نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان فوج نے فروری 2019 میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو ’ہزیمت‘ سے دوچار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ہائبرڈ وار سے متعلق بھی گفتگو کی اور کہا کہ ’ہمارے دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہونے کے بعد دل شکستہ ہیں اور مایوسی میں پاکستان کو 24/7 ہائبرڈ وار کا سا منا ہے۔‘

ہایبرڈ وار

انہوں نے خطاب میں کہا کہ ’اس ہائبرڈ وار کا ہدف عوام ہیں اور میدان جنگ انسانی ذہن ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس ہائبرڈ وار میں قومی قیادت ہر سطح پر ہدف ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیڈٹس سے کہا کہ ’نہ صرف مایوسی کے اس ماحول سے امید کی کرن بننا ہے بلکہ اپنے جوانوں کو بھی اِس پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنا ہو گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہائبرڈ وارکا مقصد پاکستان میں اس امید کی فضا کو نقصان پہنچانا ہے اور اس مفروضے کو تقویت دینا ہے کہ یہاں کچھ بھی اچھا نہیں ہو سکتا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہائبرڈ وار کو مثبت تنقید سے نہ ملائیں۔ ایسی تنقید جس کا بہت شور اور چرچا لگے، شاید اعتماد، محبت اور حب الوطنی کا نتیجہ ہو، لہذا ایسی تنقید پر توجہ دینی چاہیے۔‘

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے اور اسے قائم رکھنے کے لیے اپنے خون سے اس کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’دنیا کے بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا، لیکن بہت سے ممالک ان مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان