ایسٹر کیا ہے؟
مسیحی عقائد میں ایک بہت اہم تیوہار ایسٹر کا ہے۔
انجیل کے مطابق حضرت عیسیٰ کا جسم جمعے کے روز صلیب سے اتار کے دفن کر دیا گیا تھا۔ ان کا جسم ایک غار میں رکھا گیا تھا اور غار کے منہ کو پتھر سے ڈھک دیا گیا تھا۔
جب چند لوگ ایک دن بعد یعنی اتوار کو اس غار پہ آئے تو انہوں نے دیکھا کہ وہ غار پتھر سے ڈھکا ہوا نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی دیکھا کہ غار خالی تھا۔ اس غائب ہو جانے کو ان کی زندگی پر قیاس کیا گیا۔
تب سے یہ دن اس واقعے کو یاد کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
یہ دن فتح کا دن بھی کہلاتا ہے۔
فتح جو موت پر زندگی کی فتح کہلائی گئی۔
ایسٹر کی تاریخ کیوں بدلتی ہے؟
چونکہ مسیحی مقدس کتاب کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا اور مسیحی عقائد میں اتوار کو ہفتے کا پہلا دن بھی مانا جاتا ہے اس لیے ہر سال یہ تیوہار اتوار کے روز ہی منایا جاتا ہے۔
ایسٹر کی تاریخ ہر سال اس لیے بدلتی ہے کیوں کہ اس کا تعین 'لیونی سولر' کیلینڈر (چاند اور سورج کا اشتراکی تقویمی نظام) کی مدد سے ہوتا ہے۔
ساری دنیا میں رائج شمسی نظام تقویم کی طرح لیونی سولر کیلنڈر میں بھی چند دن لیپ (جیسے 29 فروری) کے ہوتے ہیں۔ ان دنوں کی وجہ سے عین اس طرح جیسے ہماری عید کا حساب شمسی کیلینڈر میں آگے پیچھے ہوتا رہتا ہے، اسی طرح ایسٹر کی تاریخیں بھی بدلتی رہتی ہیں۔
ایسٹر مسیحی برادری کے چالیس روزوں کے اختتام پر منایا جاتا ہے۔ ایسٹر سے قبل آخری ہفتہ مقدس ہفتے کے طور پہ جانا جاتا ہے۔ یہ وہی ہفتہ تھا جس میں انجیل کے مطابق حضرت عیسی کو مصلوب کیا گیا تھا۔
ایسٹر کی تاریخوں میں بھی اختلاف کی روایات موجود ہیں۔ چند مسیحی فرقے جولین یا رومن کیلنڈر کے حساب سے بھی ایسٹر مناتے ہیں۔ مثال کے طور پہ آرتھوڈوکس فرقہ رواں سال 28 اپریل کو ایسٹر منائے گا۔
ایسٹر کے دن کی رسوم کیا ہوتی ہیں؟
ایسٹر والے اتوار سے پہلے آنے والے ہفتے کو چرچ میں عبادات ہوتی ہیں اور اسے مقدس سنیچر کے طور پہ جانا جاتا ہے۔
عبادات کے علاوہ ایسٹر موسیقی، پھولوں، موم بتیوں، اور چرچ کی گھنٹیاں بجا کر بھی منایا جاتا ہے۔
ایسٹر کے دن ایک دوسرے کو انڈے کیوں تحفہ دئیے جاتے ہیں؟
ایسٹر کے دن ایک دوسرے کو انڈے اس لیے دیے جاتے ہیں کیوں کہ انڈہ نئی زندگی کی علامت ہے۔ بچوں میں ایسے مقابلے بھی کروائے جاتے ہیں جس میں کہیں چھپا انڈہ ڈھونڈنے پر انہیں انعام دیا جاتا ہے۔
آج ایسٹر کا دن ہے۔ ویٹی کن میں عبادات کی جائیں گی۔ مسیحی خاندانوں کے لیے آج کا دن فیملی ری یونین کے طور پر بھی ایک یادگار دن ہو گا۔