ریپ مجرموں کو نامرد بنانے کا آرڈیننس لانے کی منظوری

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کی متفقہ منظوری سے ریپ کے مجرموں کے لیے کیسٹریشن (نامرد بنانے) کا آرڈیننس لانے کی منظوری دے دی۔

(پکسا بے)

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کی متفقہ منظوری سے ریپ کے مجرموں کے لیے کیسٹریشن (نامرد بنانے) کا آرڈیننس لانے کی اصولی منظوری دے دی۔

منگل کو اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں حکومت کی قانونی ٹیم نے مجوزہ انسداد ریپ آرڈیننس کا مسودہ پیش کیا۔

اس موقعے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا، اعظم سواتی اور نورالحق قادری سمیت چند وزرا نے زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی کی سزا قانون کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ابتدائی طور پر کیسٹریشن کے قانون کی طرف جانا ہوگا۔

ملک میں بڑھنے والے ریپ کے واقعات اور حال ہی میں لاہور موٹر وے پر بچوں کے سامنے ایک ماں کے ریپ جیسے واقعے کے بعد پارلیمان میں بحث کے تناظر میں وزارت قانون کو ریپ قوانین میں ترامیم کرنے کا کہا گیا تھا، جس کا مسودہ آج کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق عمران خان نے بچوں اور خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم کسی بھی مہذب معاشرے میں برداشت نہیں کیےجاتے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ یہ ترمیم جلد بنیادوں پر فعال ہو جائے گی اور تعزیرات پاکستان میں ریپ سے متعلق ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریپ کیسز کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام، اینٹی ریپ کرائسز سیل کے علاوہ ریپ کا نشانہ بننے والے بچوں، خواتین اور اُن کے ساتھ گواہان کا تخفظ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی سخت ضرورت تھی۔

کابینہ نے آج اجلاس میں اینٹی ریپ (انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل) آرڈیننس2020 اور تعزیرات پاکستان (ترمیمی) آرڈیننس 2020 کی اصولی منظوری دی۔

خواتین پولیسنگ، فاسٹ ٹریک مقدمات اور گواہوں کا تحفظ مسودے کا بنیادی حصہ ہے، جس کے منظور ہونے پر متاثرہ خواتین یا بچے بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ مسودے میں یہ بھی شامل ہے کہ متاثرہ خواتین و بچوں کی شناخت کےتحفط کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ریپ کیسز کو سنگین نوعیت کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون سازی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کریں گے۔ ’ہم نے اپنے معاشرے کو محفوظ ماحول دینا ہے،  عوام کے تحفظ کے لیے واضح اور شفاف انداز میں قانون سازی ہو گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ سخت سے سخت قانون کا اطلاق ہو۔‘

واضح رہے وزیر اعظم پہلے ہی ایک ٹی وی انٹرویو میں ریپ کے مجرموں کو نامرد بنانے کی تجویز دے چکے ہیں۔

خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم وکیل نگہت داد نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسودہ ابھی کابینہ سے منظور ہوا ہے اور کابینہ کی کمیٹی برائے قانون سازی نے اس کی منظوری دینی ہے۔

انہوں نے کہا بظاہر تو یہ بہت اچھا اقدام ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ آرڈیننس قانون کی شکل اختیار کر پائے گا؟ انہوں نے کہا کہ ڈرافٹ دیکھ کر ہی تفصیلی رائے دی جا سکتی ہے لیکن ابھی تک جو مندرجات سامنے آئے ہیں اس کے مطابق یہ امید افزا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ہاتھ کی انگلیوں کی مدد سے ریپ کی جانچ کے عمل کو اس آرڈیننس میں ختم کیا گیا جو کہ بہت اچھی بات ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان