سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس صحافی بن کر پولیس اہلکار سے دس ہزار روپے بھتہ مانگنے والی خاتون کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے، مگر تاحال گرفتاری نہیں ہوسکی ہے۔
دو روز سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر چلنے والی ایک وائرل ویڈیو میں خاتون پولیس اہلکار کو دس ہزار دینے کا بول رہی ہیں اور پیسے نہ دینے پر انہیں برطرف کرانے کی دھمکی دے رہیں ہیں، جس کے بعد جمعرات کی شام سرسید تھانے میں پولیس اہلکار شیخ تیمور کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں خاتون ثانیہ شاہ رخ کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے ساتھ بھتہ خوری اور ٹیلی گراف ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سرسید تھانے کے ڈیوٹی افسر عمران نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا مگر وہ اپنے شوہر شاہ رخ اعوان کے ساتھ فرار ہوچکیں تھیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں خاتون کو پولیس افسر کو یہ کہتے سنا گیا کہ وہ انہیں دس ہزار روپے ایزی پیسہ سے بھیجیں، ورنہ خاتون انہیں برطرف کرا دیں گی اور وہ اس سے پہلے بھی کئی اہلکاروں کو برطرف کراچکی ہے۔ اس کے علاوہ وہ تصویریں اخباروں اور سوشل میڈیا پر ڈالنے کی بھی دھمکی دیتے سنی گئیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس اہلکار شیخ تیمور نے کہا: ’جعلی صحافی بن ثانیہ شاہ رخ نے پیسے لینے کے لیے کئی فون کیے اور دس ہزار روپے بھتہ مانگا۔ ان کی یہ فون کال ریکارڈ ہوگئی تھی، جو بعد میں وائرل ہونے کے بعد خاتون کے خلاف دہشتگردی، بھتہ خوری اور ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروایا۔‘
واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کی کئی تصاویر شیئر کر رہے ہیں، جن میں ان کے شوہر شاہ رخ اعوان ’کراچی 21 نیوز ‘ کے لوگو والا مائک پکڑے کئی افسران کا ویڈیو انٹرویو کررہے ہیں، جبکہ خاتون ثانیہ شاہ رخ ’پی سی نیوز‘ اور ’کراچی نیوز 21‘ کے لوگو کے بڑے عہدے والے متعدد پولیس افسران کے ساتھ نہ صرف تصاویر بنائی ہیں بلکہ کچھ تصاویر میں وہ پولیس افسران کو ’ایوارڈ ‘ دیتے ہوئے نظر آرہی ہیں اور تصاویر میں پولیس افسران مسکراتے نظر آرہے ہیں۔
دوسری جانب ’کراچی نیوز21‘ کی انتظامیہ سے متعدد بار کوشش کے باوجود بات نہیں ہوسکی۔