یہودی مخالف پوسٹ پر ٹوئٹر نے وینا ملک کی ٹویٹ ہٹا دی

وینا ملک کی جانب سے رواں ہفتے یہودیوں کے قتل کے بارے میں ہٹلر کا ایک مبینہ قول شیئر کرنے کے بعد ٹوئٹر کی کارروائی۔

2010 میں ’بگ برادر‘ کے  بھارتی ورژن ’بگ باس‘ میں شرکت کے بعد وینا ملک کو بھارت بھر میں خوب شہرت ملی تھی (اے ایف پی فائل)

مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر نے پاکستانی اداکارہ وینا ملک کی ایک پوسٹ کو حذف کر دیا جس میں انہوں نے اسرائیل میں بڑھتے ہوئے تشدد کے ردعمل میں جرمن امر ایڈولف ہٹلر کا ایک یہودیوں کے بارے میں ایک نقلی قول شیئر کیا۔ 

12 لاکھ فالورز رکھنے والی 37 سالہ اداکارہ نے منگل کو ایک پوسٹ میں ایڈولف ہٹلر کا مبینہ قول، ’میں دنیا کے تمام یہودیوں کو مار سکتا تھا۔۔۔ لیکن میں نے ایسا نہیں کیا تاکہ دنیا جان لے کہ میں نے انہیں کیوں مارا،‘ شیئر کیا۔

سابق اداکارہ اور رئیلٹی ٹی وی سٹار نے یہ بھی لکھا کہ اسرائیل کا میزائل نظام، ’آئرن ڈوم‘  ’تباہ ہونے والا‘ ہے۔ اس کے بعد انہوں نے کچھ اور پوسٹس کیں جن میں ہیش ٹیگ ’فری فلسطین‘ کا استعمال کیا۔

مصنف اینڈی نگ نے واضح کیا کہ اداکارہ وینا ملک نے ہٹلر کے جس قول کا حوالہ دیا ہے وہ بظاہر خود ساختہ ہے ’لیکن اینٹی سیمیٹک (یہودی مخالف لوگ) اکثر یہودیت یا اسرائیل سے نفرت کے اظہار کے لیے اس قول کا استعمال کرتے ہیں۔‘

وینا کے اکاؤنٹ کی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ ٹوئٹر نے اپنے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر ان کی کم از کم ایک پوسٹ کو حذف کیا ہے جبکہ بھارت میں ان کا اکاؤنٹ مکمل طور پر معطل کر دیا گیا جہاں وینا ملک بحیثیت ایک ریئلٹی ٹی وی سٹار مشہور ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ٹی وی میزبان نے تشدد کی حمایت کی یا اس کا خیر مقدم کیا ہو۔

2019 میں بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے بارے میں ایک ٹویٹ پر انہیں (بھارت میں) بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنی اس ٹویٹ میں وینا ملک نے پائلٹ کی دو تصاویر شائع کیں جن کا طیارہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں مار گرایا گیا تھا اور بعد میں انہیں پاکستان فوج نے گرفتار کر لیا تھا۔

انہوں نے دونوں تصاویر کا تقابل کرتے ہوئے لکھا تھا: ’تصویر میں سب واضح ہے۔ پہلے اور بعد کی۔‘

پہلی تصویر میں ونگ کمانڈر ابھی نندن ایک بھارتی لڑاکا طیارے کے سامنے فخریہ انداز میں کھڑے نظر آرہے ہیں اور اس کے بعد کی تصویر میں انہیں پاکستانی حکام کی تحویل میں خون میں لت پت اور ہتھکڑی لگے دکھایا گیا۔

2014 میں وینا ملک نے ایک اور بھارت مخالف ٹویٹ میں ’انڈیا سکس‘ لکھا جس سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

2010 میں ’بگ برادر‘ کے  بھارتی ورژن ’بگ باس‘ میں شرکت کے بعد وینا ملک کو بھارت بھر میں خوب شہرت ملی تھی۔

غزہ میں تازہ اسرائیلی جارحیت کی آگ چھ مئی کو اس وقت بھڑکی جب مقبوضہ بیت المقدس میں دو سو سے زائد فلسطینی اور 17 اسرائیلی سکیورٹی اہلکار ایک جھڑپ میں زخمی ہو گئے تھے۔

یہ مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے آخری جمعے کا واقعہ ہے جب ہزاروں افراد مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے جمع ہو رہے تھے جہاں اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری سے ان کا سامنا ہوا۔

طاقت کا یہ مظاہرہ ایک مقبول اجتماع کی جگہ پر ہونے والے مظاہروں کے ردعمل میں تھا جہاں مشرقی بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں درجنوں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں اور حماس کے راکٹوں کے تبادلے میں 80 سے زائد فلسطینی اور سات اسرائیلی ہلاک ہوگئے ہیں۔ عالمی برادری نے دونوں فریقوں سے مزید تشدد سے بچنے کے لیے پیچھے ہٹنے کی اپیل کی ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان