دنیا بھر کے دیگر مسلم ممالک میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے جبکہ پاکستان میں ایک بار پھر دو عیدوں کی روایت جاری ہے۔
پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اتوار کو شوال کا چاند نظر نہ آنے کے اعلان کے باوجود خیبر پختونخوا کی حکومت نے دو مئی بروز پیر کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔
مرکزی کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخیر کبیر آزاد نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ شوال کا چاند نظر نہ آنے کے باعث پورے ملک میں تین مئی بروز منگل عید منائی جائے گی۔
انہوں نے کہا: ’چاند دیکھے جانے کی کوئی مصدقہ شہادت نہیں ملی۔‘
تاہم خیبر پختونخوا حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ایک جاری بیان میں کل صوبے بھر میں عید منانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’صوبے کے مختلف علاقوں سے شوال کا چاند دیکھنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئیں لہٰذا کل صوبے بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔‘
وزیر اعلیٰ محمود خان نے ٹوئٹر پر عید کی مبارکباد بھی پوسٹ کی۔
عید الفطر مبارک #EidMubarak pic.twitter.com/at0Sm9GSxy
— Mahmood Khan (@IMMahmoodKhan) May 1, 2022
صوبائی حکومت کے علاوہ پشاور میں مسجد قاسم علی خان نے بھی صوبے میں پیر کو عید منانے کا اعلان کیا۔
مسجد قاسم علی خان میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ ’صوبے کے مختلف علاقوں سے شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔‘
پیر کی صبح خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں عید کی نماز ادا کی گئی جس میں حکومتی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
انڈپینڈنٹ اردو کے نمائندے ہزار خان کے مطابق مقامی رویت حلال کمیٹی کے اعلان پر بلوچستان کے علاقے کوہلو میں عید منائی گئی۔
دنیا بھر کے مسلم ممالک بشمول سعودی عرب، ترکی، مصر، کویت اور انڈونیشیا میں بھی پیر کو عید منائی جا رہی ہے۔
پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں عید منگل کو ہوگی، جبکہ افغانستان میں عید اتوار کو تھی۔