رواں سال پانچ اور چھ مئی کو ایٹا ایکوریڈ شہابیوں کی بارش عروج پر ہوگی، جب آپ ایک گھنٹے میں 50 شہاب ثاقب دیکھ سکیں گے۔
اس آسمانی مظہر کا بہترین نظارہ پوہ پھوٹنے سے کچھ دیر قبل کیا جا سکے گا جبکہ شہابیوں کی یہ بارش27 مئی تک بھی دیکھی جا سکے گی۔
ایٹا ایکوریڈز اس وقت ہوتا ہے جب زمین ہیلی کے دم دار سیارے کے پچھلے حصے سے گزرتی ہے جو ہر 76 سال بعد ہوتا ہے۔
یہ ’شوٹنگ سٹارز‘ اس وقت نظر آتے ہیں جب دمدار ستارے کی دھول، پتھر اور دیگر ملبہ زمین کی فضا میں جلتا ہے۔
ناسا نے اپنی ویب سائٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’تیز رفتار شہابیے چمکتی ہوئی ’لائنیں‘ (شہابیوں کی بارش کی صورت میں ملبے کے روشن ٹکڑے) چھوڑ سکتے ہیں جنہیں کئی سیکنڈز یا منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔‘
’تیز شہابیے کبھی کبھی آگ کا گولہ بھی بن سکتے ہیں: زیادہ دیر تک نظر آنے والی روشنیوں کو ڈھونڈنے کی کوشش کریں۔‘
محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں کے مطابق برطانیہ میں ایٹا ایکوریڈز دیکھنے کے لیے موسم کی صورتحال بڑی حد تک سازگار ہوگی اور زیادہ تر حصوں میں آسمان صاف ہوگا جبکہ شمالی آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں بادل چھائے رہیں گے۔
شہابیوں کی بارش کا بہترین نظارہ کم روشنی والے علاقوں میں دیکھا جائے گا جو شہروں اور دیگر روشن مقامات سے بہت دور ہیں۔
انہیں دیکھنے کے لیے مخصوص آلات کی ضرورت نہیں، اگرچہ دیکھنے والوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی آنکھوں کو اندھیرے میں ایڈجسٹ ہونے کے لیے 20 منٹ تک کا وقت دیں۔
چاند کی گردش کے وقت کی وجہ سے آسمان معمول سے زیادہ تاریک نظر آئے گا۔ کیوں کہ چاند کے اس وقت ابتدائی ایام ہیں اور وہ صرف 15 فیصد روشن ہیں۔
ایکوریڈز مجمع النجوم برج دلو کے ساتھ نظر آتے ہیں، جو جنوبی نصف کرہ میں دیکھنا سب سے آسان ہے۔
پانچ سے چھ مئی تک عروج پر رہنے کے باوجود شہابیوں کی بارش 15 اپریل سے 27 مئی تک نظر آئے گی۔
© The Independent