گلگت میں پہلی مرتبہ ایشین باکسنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پہلی ہی مرتبہ خواتین باکسرز کا بھی مقابلہ ہوا۔
لالک جان سٹیڈیم گلگت میں منعقدہ ایشین باکسنگ چیمپیئن شپ میں 10 ممالک کے باکسرز شریک ہوئے۔
گلگت بلتستان کی پہلی باکسر خاتون راحیلہ میدان میں اتریں۔ ان کا مقابلہ کوئٹہ کی زینب سے تھا۔ دونوں کا مقابلہ برابر ہوگیا۔
عالمی شہرت یافتہ باکسر عثمان وزیر نے ایشین باکسنگ چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
عثمان وزیر کا مقابلہ تھائی لینڈ کے باکسر پھتی پھن کرنگ کلنگ کے مابین ہوا۔ جس میں دوسرے راؤنڈ میں عثمان وزیر نے اپنے حریف کو بآسانی ناک آوٹ کیا۔
لالک جان سٹیڈیم میں باکسنگ مقابلے میں چھ راونڈز ہوئے۔ گلگت کی تاریخ کے پہلے عالمی ایونٹ کو ہزاروں شائقین نے دیکھا۔
باکسنگ چیمپیئن شپ کی دوسری فائٹ ملیشیا کے ڈائینولئل اور پاکستان کے سکندر عباسی کے مابین ہوئی۔
باکسنگ چیمپیئن شپ کی دوسری فائٹ میں ملیشیا کے ڈائینولئل نے کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کے شفیع اللہ اور انڈونیشیا کے رنٹو رنگ میں اترے تو پاکستان کے شفیع اللہ نے اپنے مخالف کو ناک آؤٹ کر دیا۔
ایونٹ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عثمان وزیر نے کہا کہ سپورٹس دنیا کی واحد چیز ہے جس سے آپ امن کا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔
گلگت بلتستان کی پہلی خاتون باکسر راحیلہ کا تعلق ہنزہ سے ہے۔ انہوں نے انڈیپنڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں گلگت بلتستان میں انٹرنیشنل فائٹ کا موقع ملا، یہ میری دوسری فائٹ ہے، اس سے پہلے میں نے نیشنل کھیلا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بتلستان میں لڑکیوں کو آگے جانے کا موقع مل رہا ہے، ’انشا اللہ اس سے آگے جائیں گے۔‘