نجی نیوز چینل اے آر وائے کے اسلام آباد کے سابق بیورو چیف صابر شاکر کا یوٹیوب چینل بدھ کو ہیک کر لیا گیا۔
صابر شاکر کے یوٹیوب چینل پر 14 لاکھ 93 ہزار سبسکرائبرز موجود ہیں۔
ہیکرز نے صابر شاکر کے یوٹیوب چینل کو ہیک کرنے کے بعد اس کا نام ’اے آر کے انویسٹمنٹ‘ کر دیا جبکہ اس پر موجود تمام ویڈیوز کو بھی ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
انڈپینڈنٹ اردو نے جب صابر شاکر کے یوٹیوب چینل کا لنک کھولا تو وہاں ایک لائیو سٹریم جاری تھی، جس کا عنوان ’تائیوان پر بیجنگ کے حملے کے نتیجے میں معاشی بحران‘ تھا۔
صابر شاکر کے یوٹیوب چینل کے معاملات دیکھنے والے ایڈیٹر نے انڈیپنڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چینل پر تقریباً تین ہزار ویڈیوز تھیں جو ڈیلیٹ کر دی گئی ہیں، تاہم چینل کو ریکور کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ چینل کو دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔
اس معاملے پر بات کرنے کے لیے جب صابر شاکر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’جن لوگوں کو ہمارے چینل کا مواد (Content) پسند نہیں انہوں نے ہی یہ کام کروایا ہوگا۔‘
صابر شاکر کا مزید کہنا تھا کہ ان کی کسی کے ساتھ ذاتی لڑائی نہیں ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے صابر شاکر نے انکشاف کیا کہ ’انہیں چینل کو ہیک کرنے کی دھمکی دی گئی تھی تا کہ مالی نقصان پہنچایا جائے۔‘
اس سوال پر کہ کیا یہ دھمکی براہ راست دی گئی تھی یا کسی کے ذریعے پیغام دیا گیا تھا؟ صابر شاکر نے جواب دیا کہ ’براہ راست یہ دھمکی دی گئی تھی۔‘
یوٹیوب چینل ہیک ہونے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’ہیکرز اس کے بدلے یا تو مالی فائدہ لینا چاہتے ہیں یا پھر وہ کمپرومائز کروانا چاہتے ہیں۔‘
صابر شاکر نے بتایا کہ چینل کی ریکوری کے لیے کوشاں ہیں مگر ’ریکور نہ ہونے کی صورت میں بیک اپ چینل پر پیغام رسائی شروع رکھوں گا اور یہ کام ختم نہیں ہوگا۔‘
اپنے چینل کے ہیک ہونے سے متعلق صابر شاکر نے ٹوئٹر کے ذریعے بھی اپنے فالورز کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ’اس چینل پر اب میرا اور میری ٹیم کا کنٹرول نہیں، اس لیے اس پر اگر کوئی ویڈیو یا آڈیو آتی ہے تو اس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔‘
عزیز ہم وطنو ناظرین فالورز اسلام علیکم
— Sabir Shakir (@ARYSabirShakir) August 3, 2022
میرا یو ٹیوب چینل لچھ دیر پہلے ہیک ہوگیا ہے @arifhameed15 @arsched @OfficialDGISPR @samiabrahim @ImranRiazKhan @ImranKhanPTI @PakPMO pic.twitter.com/TWYUpwDjYU
صابر شاکر سے جب پوچھا گیا کہ ان کی ٹی وی پر دوبارہ واپسی کب تک ممکن ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی میں چھٹیوں پر ہوں، جب چھٹیاں ختم ہوں گی تو دوبارہ دکھائی دوں گا۔‘