پرائم منسٹر آفس کے یوٹیوب چینل کا نام تبدیل کیوں کر دیا گیا؟

وزیراعظم پاکستان کے دفتر یعنی ’پرائم منسٹر آفس پاکستان‘ کے نام سے یوٹیوب پر موجود یوٹیوب چینل کا نام اچانک سے تبدیل کر کے ’عمران خان‘ رکھ دیا گیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان کے دفتر یعنی ’پرائم منسٹر آفس پاکستان‘ کے نام سے یوٹیوب پر موجود یوٹیوب چینل کا نام اچانک سے تبدیل کر کے ’عمران خان‘ رکھ دیا گیا ہے۔

اس یوٹیوب چینل کو 14 نومبر 2019 کو بنایا گیا تھا جس کے اس وقت 12 ملین کے قریب ویڈیو ویوز اور ایک لاکھ 47 ہزار سبسکرائبرز ہیں۔

یوٹیوب چینل پر وزیراعظم عمران خان کی مختلف تقاریر اور خطاب موجود ہیں۔

نام تبدیل کرنے کے علاوہ اس یوٹیوب چینل کا یو آر ایل (url) بھی تبدیل کر کے ’عمران خان آفیشل چینل‘ رکھ دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو نے جب وزیراعظم کے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد سے دریافت کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم آفس کے صرف دو ہی ڈیجیٹل اثاثے ہیں جو کہ حکومتی ای میل ایڈریس سے جڑے ہیں، اور یہ ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس ہیں۔‘

ڈاکٹر ارسلان کے مطابق ’یہ چینل تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم نے بنایا تھا کیونکہ اس وقت ڈیجیٹل میڈیا ونگ قائم نہیں ہوا تھا۔‘

ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا پاکستان تحریک انصاف کو بطور جماعت پرائم منسٹر آفس پاکستان کے نام سے یوٹیوب چینل بنانے کی وزیراعظم آفس سے اجازت حاصل تھی؟ تو انہوں نے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔

تاہم ڈاکٹر ارسلان نے پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ جبران الیاس سے گفتگو کے بعد بتایا کہ ’انہوں نے صرف چینل کا نام تبدیل کیا ہے مگر اس کا یو آر یل پرانا ہی ہے۔‘

’میں نے ان سے کہا ہے کہ نام واپس تبدیل کر دیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈاکٹر ارسلان سے آج ہی اس چینل کا نام تبدیل کرنے کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے کیسے پتا ہو گا‘۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر ارسلان خالد وزیراعظم آفس میں وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں پرائم منسٹر آفس پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اسی یوٹیوب چینل کی ویڈیوز بھی شیئر کی جاتی رہی ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اسی چینل کے لنکس کو فیس بک کی ’یو آر ایل ڈیبگر‘ سروس کے ذریعے چیک کیا تو اس کے مطابق فیس بک کے ریکارڈ میں 15 مارچ تک اس چینل کا آفیشل نام ’پرائم منسٹر آفس پاکستان‘ ہی تھا اور جب اس لنک کو اسی وقت ریفریش کیا گیا تو نام تبدیل ہو کر ’عمران خان‘ سامنے آیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کی تحقیق کے مطابق اس چینل کے ’کی ورڈز‘ میں بھی(Prime Ministers Office Youtube ) موجود ہے۔

اسی حوالے سے مزید جاننے کے لیے پلڈیٹ تھنک ٹینک کے سربراہ احمد بلال محبوب سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ایسا ہوا ہے اور وہ اکاؤنٹ وزیراعظم کے نام سے ہے تو وہ اکاؤنٹ تو آفیشل ہی ہو گا۔ اس اکاؤنٹ کو پرائم منسٹرز آفس کے نام پر ہی رہنا چاہیے۔‘

احمد بلال محبوب سے اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرنے کی ٹائمنگ کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ان کے لیے شرمندگی کا باعث ہونا چاہیے کہ ایک ایسے وقت پر جب لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ جانے والے ہیں تو یہ اس تاثر کو مزید تقویت دے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ٹائمنگ بالکل ہی غیر مناسب ہے۔ انہیں چینل کا نام تبدیل کرنے کی کیا ضرورت ہے، انہیں ایک نیا چینل ہی بنا لینا چاہیے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان