سیمی فائنل میں شکست: ’انڈین شائقین فائنل کے ٹکٹ بیچنے لگے‘

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں دس وکٹوں کی شکست پر انڈیا کے مداح شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔

دس نومبر 2022 کی اس تصویر میں انڈین کرکٹ فینز امرتسر میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انڈیا اور انگلینڈ کے مابین کرکٹ میچ دیکھ رہے ہیں، اس میچ میں انڈیا کو دس وکٹوں سے شکست ہوئی (اے ایف پی)

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ انڈیا کو دس وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا، جس کے بعد انڈین شائقین شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔

آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ میں آج کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں انڈین ٹیم دوسری اننگز میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دی۔

گذشتہ روز پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی کے بعد ہر جگہ یہی بحث ہو رہی تھی کہ کیا پاکستان اور انڈیا کا فائنل ہونے جا رہا ہے؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مگر انگلینڈ کے اوپنرز جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز نے انڈین شائقین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

اس شکست کے بعد انڈیا کے مداح دکھی ہیں اور ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی کچھ ویڈیوز کے مطابق فائنل میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹ فروخت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ایسی ہی ایک ویڈیو میں ایک انڈین کرکٹ فین کو فائنل میچ کا ٹکٹ دس ڈالر میں فروخت کر تے دیکھا جاسکتا ہے اور ساتھ ہی وہ یہ اعلان بھی کر رہے ہیں کہ ٹکٹ خریدنے والے کو گراؤنڈ تک چھوڑ کر بھی آئیں گے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ویڈیو آج ہی کے میچ کی ہے یا نہیں۔

ایک طرف جہاں انڈین شائقین دکھی ہیں، دوسری طرف پاکستانی میمرز کی جیسے عید ہی ہوگئی۔

انڈین ٹیم کی سیمی فائنل میں شکست پر سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار دکھائی دے رہی ہے۔

علی خان نامی ایک صارف نے ایک تصویر شیئر کی، جس میں کچھ لوگ ٹی وی توڑ رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے انڈین کھلاڑی روہت شرما کی تصویر لگائی جس پر لکھا ہے: ’آئی سی سی ٹرافی ہے اس لیے جانے دیا۔‘

انگلش اوپنرز کی جانب سے ہی میچ ختم کرنے پر ایک ٹوئٹر صارف نے شعلے فلم کا مشہور ڈائیلاگ ’کتنے آدمی تھے؟‘ شیئر کیا۔

ماریہ ملک نے ایک تصویر شیئر کی، جس میں وراٹ کوہلی بابر اعظم سے پوچھ رہے ہیں کہ فائنل میں کیسے پہنچا جاتا ہے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے وراٹ کوہلی کی تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ لکھا ہے: ’صبح پانچ بجے کی فلائٹ سے نکلنا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ