رمضان ٹرانسمیشن کے دوران معروف اداکار دانش تیمور کی اہلیہ عائزہ خان بھی مدعو تھیں، جہاں دانش نے چار شادیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے انہیں چار شادیوں کی اجازت دی ہے اور یہ ان کا حق ہے جو کوئی ان سے چھین نہیں سکتا، لیکن وہ ایسا نہیں کر رہے کیونکہ وہ عائزہ سے محبت اور احترام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’فی الحال میں عائزہ کے ساتھ ہوں‘، جس پر شو کے دوران انہوں نے متعدد بار زور دیا۔
یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور صارفین سمیت مداحوں نے بھی اس پر سخت ردعمل دیا۔ خاص طور پر ’فی الحال‘ جیسے الفاظ پر شدید تنقید کی گئی، اور بہت سے صارفین نے اسے عائزہ کے لیے پریشان کن قرار دیا۔
فیشن کے شعبے سے منسلک عندلیب رانا نے انسٹاگرام پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس انسان (دانش تیمور) کو پتہ نہیں کہ یہ کتنا بڑا ریڈ فلیگ ہے‘
فیشن ڈیزائنر فریحہ الطاف کا کہنا تھا کہ ’ یہ افسوسناک ہے کہ وہ اس قسم کی باتوں کو فروغ دے رہے ہیں ایسی عدم تحفظ اور بے حسی صرف ایک احساس کمتری کے شکار شخص سے آ سکتی ہے۔
’ایک باصلاحیت اور شاندار بیوی کی مکمل بے عزتی۔ مغرور لہجہ، خود پسند رویہ اور عورت دشمنی و ایک سے زیادہ شادیوں کی وکالت کرنے والا۔
’سب سے زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ وہ ایک مشہور شخصیت کے طور پر دوسروں پر اثر ڈالنے کی طاقت رکھتے ہیں اور اسے بدترین ممکنہ طریقے سے استعمال کر رہے ہیں۔ افسوسناک‘
ایکس پر بھی دانش تیمور اس بیان کے بعد ٹرینڈنگ میں نظر آئے، حادیہ نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں ایک میم شیئر کی جس پر دانش تیمور اور ان کی اہلیہ عائزہ خان کی تصویر تھی اور تصویر کا عنوان تھا ، ’میرے پاس فی الحال تم ہو: خلیل الرحمان
سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد دانش تیمور نے اسی پروگرام میں اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بات پر قائم ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر دوہرایا کہ اسلام نے انہیں چار شادیوں کی اجازت دی ہے، لیکن وہ ایسا نہیں کر رہے کیونکہ وہ اپنی بیوی سے محبت کرتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔ دانش تیمور کا کہنا تھا کہ ان کے الفاظ کو غلط سمجھا گیا، جب انہوں نے ’فی الحال‘ کہا تو اس کا مطلب صرف یہ تھا کہ وہ اس وقت اپنی اہلیہ کے ساتھ ہیں، لیکن مستقبل میں کیا ہوگا، اس کا انہیں علم نہیں۔
اداکار نے وضاحت دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’فی الحال‘ کا مطلب یہ ہرگز نہیں تھا کہ وہ بعد میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، بلکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ کسی کو اپنے مستقبل کا علم نہیں ہوتا۔
انہوں نے تجویز دی کہ لوگ بھی ’فی الحال‘ کا استعمال کیا کریں، کیونکہ کوئی نہیں جانتا کہ زندگی میں آگے کیا ہونے والا ہے، کب کیا بدل جائے اور کس کی موت کب واقع ہو۔
اس وضاحت کے بعد دانش کی ویڈیو دوبارہ سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔