افسر پر رشوت طلبی کا الزام عائد کرنے پر نادیہ حسین کے گھر چھاپہ مار کارروائی کی: ایف آئی اے

ایف آئی اے کے مطابق ’سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایف آئی اے آفیسر کے خلاف رشوت طلبی کا الزام عائد کرنے پر ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کے گھر چھاپہ مار کارروائی کی گئی، ان کا موبائل تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ٹیکنیکل ٹیم موبائل کا فرانزک کروائے گی۔‘

اداکارہ نادیہ حسین انسٹاگرام پر مبینہ رشوت طلبی اور فیک کال کے حوالے سے بات کر رہی ہیں (انسٹاگرام، نادیہ حسین)

ماڈل نادیہ حسین کی جانب سے انسٹاگرام پر دو روز قبل ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر الزام لگایا تھا کہ ایف آئی اے افسر نے ان سے رشوت مانگی ہے جس پر آج ایف آئی اے نے نادیہ حسین کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اور نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

اسی حوالے سے فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرف سے ایک اہم اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایف آئی اے آفیسر کے خلاف رشوت طلبی کا الزام عائد کرنے پر ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کے گھر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ اداکارہ نادیہ حسین کا موبائل تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ٹیکنیکل ٹیم موبائل کا فرانزک کروائے گی۔‘

حکام نے مزید بتایا کہ ’اس معاملے پر فی الحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا تاہم اداکارہ اور ماڈل کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔‘

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ’ایف آئی اے کی کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خردبرد کے معاملے میں سابق سی ای او عاطف محمد خان کو 08 مارچ 2025 کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم عاطف محمد خان پر الزام ہے کہ وہ بطور سی ای او اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالیاتی دھوکہ دہی میں ملوث پائے گئے ہیں۔

اس کے بعد، ملزم کی گرفتاری کے فوراً بعد ان کی اہلیہ نادیہ حسین کو جعلسازوں کی طرف سے رشوت طلب کرنے کے لیے واٹس ایپ پر کال کی گئی۔ جعلساز نے ایف آئی اے کے سینیئر افسر کی تصویر بطور ڈی پی استعمال کی تاکہ اپنی جعلسازی کو مزید مستند دکھا سکے۔ نادیہ حسین نے فوراً ایف آئی اے کراچی سے رابطہ کیا، جس پر انہیں جعلی کال کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں شکایت درج کروانے کی ہدایات دی گئیں۔ تاہم، نادیہ حسین نے شکایت درج کروانے کے بجائے سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

ایف آئی اے کے مطابق: ’سوشل میڈیا پر بے بنیاد الزامات لگانا ایک سنگین جرم ہے اور اس پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ایف آئی اے نے سائبر کرائم ونگ کراچی کی طرف سے نادیہ حسین کے خلاف پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا ایکٹ) کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ نادیہ حسین کو بتا دیا گیا تھا کہ رشوت طلب کرنے والا ایف آئی اے کا کوئی آفیسر نہیں بلکہ جعلساز ہے۔‘

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی فرد کو بغیر ثبوت اور شواہد کے بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نادیہ حسین کے الزامات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ایک منظم ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں، جو کہ ملکی قوانین کے تحت ایک سنگین جرم ہے۔‘

انہوں نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک کال یا رابطے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ادارے سے رجوع کریں۔

پس منظر

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف احمد خان کو بینک فراڈ کیس میں گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خردبرد کا معاملہ سامنے آنے پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے سابق سی ای او عاطف محمد خان کو 08 مارچ 2025 کو گرفتار کیا تھا۔

نادیہ حسین کا ایف آئی اے پر الزام کی تفصیل

معروف اداکارہ نادیہ حسین نے 12 مارچ کو اپنی انسٹاگرام آئی ڈی پر ایف آئی اے افسر پر رشوت مانگنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مبینہ آڈیو بھی لیک کی تھی۔

انسٹاگرام آئی ڈی پر نادیہ حسین نے الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس نے بھاری رشوت مانگی ہے، مجھے حیرت ان لوگوں پر ہے جو مجبور لاچار عورت سے منہ پھاڑ کر پیسے مانگتے ہیں۔‘

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نادیہ حسین نے طنزیہ انداز میں کہا: ’نعمان بھائی آپ نے مجھے بیٹا بولا، میں صرف اتنا جواب دوں گی، بیٹا اب تو تیری خیر نہیں۔‘

عاطف خان کی گرفتاری کے حوالے سے نادیہ حسین کا موقف ہے کہ فراڈ کیس میں ان کے شوہر کی گرفتاری کی خبر وائرل ہوئی۔ ’یہ سچ ہے کہ میرے شوہر ایف آئی اے کی کسٹڈی میں ہیں، اس میں ان کا کتنا ہاتھ ہے، یہ وقت بتائے گا۔‘

اس سے قبل 10 مارچ کو جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ میں ایف آئی اے نے اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا تھا، جس میں ایف آئی اے نے ملزم کے 11 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کر دی تھی جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان