کراچی ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگز میں 304 رنز پر آؤٹ

تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے پاکستان کے 304 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر سات رن بنا لیے۔

انگلش وکٹ کیپر بین فوکس 17 دسمبر، 2022 کو کراچی ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کے آغا سلمان کو سٹمپ کرتے ہوئے (اے ایف پی)

کراچی میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے پاکستان کے 304 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر سات رن بنا لیے۔

آج سیریز میں پہلی دفعہ بابر اعظم نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے اپنی ٹیم میں چار تبدیلیاں کرتے ہوئے اظہر علی، شان مسعود، نعمان علی اور وسیم جونئیر کو شامل کیا۔ 

وسیم جونیئر اپنے کیرئیر کا اولین ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ وہ سیریز میں چھٹے کھلاڑی ہیں جنھیں ٹیسٹ کیپ دی گئی۔

پاکستان نے امام الحق، محمد نواز، محمد علی اور زاہد محمود کو ڈراپ کر دیا۔

انگلینڈ نے 18 سالہ پاکستانی نژاد لیگ سپنر ریحان احمد کو ٹیسٹ کیپ دی جبکہ جیمز اینڈرسن اور ول جیکس کو ڈراپ کرتے ہوئے ریگولر وکٹ کیپر بین فوکس کو واپس بلایا۔

ریحان 18 سال اور126 دن میں ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کرنے والے کمسن ترین ٹیسٹ کرکٹر بن گئے۔

آج پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا۔عبداللہ شفیق جیک لیچ کی گیند پر آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا سکور 18 رنز تھا۔

46  مجموعی رنز پر دوسرے اوپنر شان مسعود 30 رنز بنا کر مارک وڈ کی گیند پر لیچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کپتان بابر اور اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی سکور کو 117 رنز تک لے گئے لیکن لنچ سے پہلے آخری اوور میں اظہرعلی رابنسن کی شارٹ پچ گیند سے بچ نہ سکے اور 45 رنز بنا کر فوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سعود شکیل چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔ وہ 23 رنز بنا کر ریحان احمد کی پہلی وکٹ بنے ان کا کیچ پوپ نے لیا۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ محمد رضوان تھے جنہیں روٹ نے 19 رنز پر آؤٹ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابر اعظم نے 78 رنز کی اننگز کھیلی وہ فوکس کی شاندار کوشش میں رنز آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف نے مایوس کن بیٹنگ کی اور ریحان کی گیند پر چار رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 237 رنز پر گری۔

نعمان علی اور سلمان آغا نے آٹھویں وکٹ کے لیے قیمتی 48 رنز کا اضافہ کیا۔285 کے سکور پر نعمان علی لیچ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس دوران سلمان آغا نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 56 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ابرار احمد تھے۔

لیچ نے انگلینڈ کی طرف سے چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں کھیل ختم ہونے تک سات رن بنائے تھے اور انگلینڈ کے زیک کرالی صفر پر ابرار احمد کا شکار بنے۔

(ایڈیٹنگ: بلال مظہر)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ