وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’دہشت گرد پاکستان اور عوام کے کھلے دشمن ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف قوم کی ڈھال بننے والے ہمارے ہیرو ہیں۔
’دہشت گردوں، ان کے معاونین اور سہولت کاروں سب کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے۔‘
اتوار کو جاری کیے جانے والے بیان میں انہوں نے جان سے جانے والے چار پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ کے ضلعے لکی مروت کے تھانے برگئی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں، قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت ’شہید‘ پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو ’شہدا پیکج‘ دے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس کے مطابق ہفتے کو رات گئے ایک تھانے پر شدت پسندوں کے حملے میں چار پولیس اہلکار جان سے گئے ہیں جبکہ چار زخمی ہو گئے۔
لکی مروت پولیس کے ترجمان شاہد حمید نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا جب مقالی تھانہ برگی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا: ’شدت پسندوں نے راکٹ لانچرز سمیت دستی بم اور بھاری ہتھیاروں سے پولیس سٹیشن پر حملہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں چار پولیس اہلکار جان سے گئے جبکہ چار زخمی ہو گئے۔’
حملے میں جان سے جانے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل ابراہیم، کانسٹیبل عمران، ایلیٹ فورس کے خیرالرحمان اور کانسٹیبل سبز علی شامل ہیں۔
شاہد نے بتایا کہ حملے کے بعد پولیس نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ اتوار کی صبح چاروں پولیس اہلکاروں کا نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کر دی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس موقعے پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں اشفاق انور نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے میں ملوث کرداروں کو بے نقاب اور ان کے انصاف دلایا جائے گا۔
انھوں نے جان سے جانے والے اہلکاروں کی لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے بتایا کہ مجرمان کو قانون کٹہرے میں لایا جائے گا۔
چند روز پہلے اسی علاقے میں ایک پولیس گاڑی پر ایک حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی۔
گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں موٹرسائکل سوار خود کش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس میں ایک شہری جان سے گیا تھا۔