’نور جہاں‘ کی صحت میں بہتری آ رہی ہے: کراچی چڑیا گھر

کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہتھنی نور جہاں کی صحت میں بہتری آ رہی ہے، جبکہ جانور کا علاج کرنے والی عالمی تنظیم فور پاز کے مطابق اس کے ٹھیک ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

فور پاز کی ترجمان کے مطابق ہاتھیوں کے لیے ایک ہی سائیڈ پر لیٹے رہنا خطرناک اور موت کا باعث بن سکتا ہے( تصویر سنجے متھرانی)

کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ہفتے کو دعویٰ کیا ہے کہ بیمار ہتھنی ’نور جہاں‘ کی صحت میں بہتری آ رہی ہے، جبکہ جانور کا علاج کرنے والے بین الاقوامی ادارے فور پاز کے مطابق اس کے ٹھیک ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

چڑیا گھر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کنور ایوب نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’نور جہاں‘ کا علاج مسلسل جاری ہے اور اس کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔

کنور ایوب نے، جو سفاری پارک کے سربراہ ہیں اور جنھیں حال ہی میں کراچی چڑیا گھر کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے، مزید کہا: ’آج ہم نے نور جہاں کی لیٹی ہوئی پوزیشن کو تبدیل کرکے اسے دوسرے رخ پر لٹایا اور اس نے آج کھانا بھی کھایا۔‘

بیمار ہتھنی کا علاج کرنے والے بین الاقوامی ادارے فور پاز انٹرنیشنل کی ترجمان کتھرینا بران نے بتایا کہ ہتھنی کے صحت یاب ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ نورجہاں مسلسل ایک طرف لیٹی ہوئی ہے اور اس طرح لیٹنا ہاتھیوں کے لیے انتہائی خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔  

کتھرینا کے مطابق فور پاز کی ٹیم کراچی کے چڑیا گھر میں نور جہاں کا علاج کرنے والے مقامی طبی ماہرین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

’نور جہاں خراب حالت کے باجود مسلسل اہنی بیماری سے لڑ رہی ہے۔ مقامی ٹیم فور پاز ماہرین کے مشورے پر اسے دوائیاں دے رہی ہے اور ہفتے کو اس نے تربوز، سیب، گنا اور گاجر کھائے۔‘   

کتھرینا نے مزید کہا کہ ہفتے کی شام نور جہاں کی حالت کا معائنہ کرنے کے بعد علاج سے متعلق کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔‘

فور پاز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں کہا گیا ہے: ’واقعی مکمل اور تھکا دینے والے دو دن اور سائٹ پر موجود ٹیم کی بڑی مشترکہ کوشش کے بعد، ہماری فور پاز ٹیم دور سے کارروائیوں کی نگرانی کر رہی ہے۔ ڈاکٹر امیر خلیل نے دیکھا کہ وہ اب بھی لڑ رہی ہیں اور ہار نہیں مان رہی۔‘

گذشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر نور جہاں کی خراب صحت سے متعلق ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔

چڑیا گھر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے سوشل میڈیا پر نور جہاں کی انتہائی خراب حالت سے متعلق پھیلائی گئی اطلاعات کی تردید کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ کراچی چڑیا گھر کی دونوں ہتھنیاں (مدھو بالا اور نور جہاں) خبروں کی زینت بن رہی ہیں۔

اگست 2022 میں دونوں ہتھنیوں کے خراب دانتوں کی جانوروں کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے فور پاز کے ماہرین کی ٹیم نے سرجری کی تھی۔

اس سال بھی کئی بار ان ہتھنیوں کی صحت کے متعلق خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔

گذشتہ ماہ نورجہاں ہتھنی کا درخت کے ساتھ سر جوڑ کر ہلنے والے وائرل ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر ہتھنیوں کی صحت کے متعلق سوال اٹھنے لگے۔  

پانچ اپریل کو فور پاز کے سات ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے کراچی پہنچ کر چڑیا گھر میں بیمار نور جہاں کا معائنہ کیا اور علاج تجویز کیا تھا۔  

علاج کے بعد ہتھنی کی طعبیت میں کچھ قدر بہتری آئی تھی۔ تاہم جمعے کو نہانے والے تالاب میں گرنے کے بعد اس کی صحت مسلسل خراب ہے۔  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان