بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارت نے بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) سے درخواست کی ہے کہ وہ ڈیوس کپ کے لیے ستمبر میں پاکستان میں ہونے والے کوالیفائر میچ کو کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کر دیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارت کی ٹیم نے ڈیوس کپ کے ایشیا/اوشیانا گروپ 1 کے ٹائی میچ کے لیے ستمبر 14 اور 15 کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ ٹائی ڈیوس کپ کے کوالیفائر میچ کو کہتے ہیں۔
تاہم بھارت کی جانب سے اپنے زیرانتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ ہیں۔ دونوں ایٹمی طاقتیں کشمیر کی دعوے دار ہیں اور 1947 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد دو جنگیں لڑ چکی ہیں۔
بھارت کی آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر پروین مہاجن نے اتوار کو اے ایف کو بتایا: ’ہم نے آئی ٹی ایف سے کسی غیرجانبدار مقام کی درخواست کی ہے کیونکہ صورتحال ابھی کشیدہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’میں سمجھتا ہوں کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ ایک مناسب درخواست ہے۔‘
بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں فوجی لاک ڈاؤن کے بعد پاکستان نے بھارت سے سفارتی تعلقات محدود کر دیے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس بھی بند کردی ہے۔
ہمسایہ ممالک کے درمیان کھیلوں کےتعلقات معطل ہونے کے باوجود آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تیاری کر رہی تھی، مگر کشمیر کی صورتحال کے بعد اس بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بھارت نے پاکستان کے ساتھ باہمی کھیلوں کے تعلقات 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد ختم کر دیے تھے۔ بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ یہ حملے پاکستان میں رہنے والے شدت پسندوں نے کیے تھے۔
بھارت کی ٹینس ٹیم نے ڈیوس کپ کے لیے آخری بار پاکستان کا دورہ 1964 میں کیا تھا اور میزبان ملک کو 0-4 سے شکست دی تھی۔
جب 2006 میں پاکستان نے اسی سیریز کے لیے بھارت کا دورہ کیا تو بھی وہ 2-3 سے ہار گیا۔
کچھ برس پہلے تک پاکستان کو ڈیوس کپ کے ٹائیز کی میزبانی غیرجاندار مقاموں میں کرنی پڑ رہی تھی کیونکہ ٹیمیں سکیورٹی خدشات کی بنا پر وہاں آنے سے انکار کر دیتی تھیں۔
پروین مہاجن نے اے ایف پی کو بتایا: ’مجھے امید ہے کہ وہ ٹائی کو پاکستان سے منتقل کردیں گے کیونکہ پاکستان کو غیرجانبدار مقاموں پر کھیلنے کی عادت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’آئی ٹی ایف کی جانب سے ہماری درخواست کا جواب اس ہفتے تک دے دیا جائے گا۔‘
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے پہلے کہا تھا کہ اگر بھارت کسی اور مقام کی درخواست کرے گا تو پاکستان آئی ٹی ایف کے فیصلے کو تسلیم کر لے گا۔
ڈیوس کپ کے لیے اس اہم مرحلے میں دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کے درمیان چار سنگلز میچ کھلے جائیں گے۔