ایل او سی پر انڈین فائرنگ سے دو شہریوں کی موت: آئی ایس پی آر

پاکستان فوج نے ایک بیان میں کہا کہ انڈین فورسز نے اپنے ’معمول کے غیر انسانی رویے‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ستوال سیکٹر میں چرواہوں کے ایک گروپ پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

نو اکتوبر 2008 کو لائن آف کنٹرول پر انڈین فوج کا ایک سپاہی پاکستان کی جانب رخ کیے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ہفتے کو انڈین فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری جان سے گئے جب کہ ایک شہری شدید زخمی ہیں۔

یہ بیان پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے جاری کیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انڈین فورسز نے آج دوپہر 12 بجے کے قریب اپنے ’معمول کے غیر انسانی رویے‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ستوال سیکٹر میں چرواہوں کے ایک گروپ پر اندھا دھند فائرنگ کی۔‘

بیان میں مزید بتایا گیا کہ فائرنگ سے دو شہریوں کی موت واقع ہو گئی جب کہ ایک شہری شدید زخمی ہیں۔ 

بیان کے مطابق عبید قیوم ولد محمد قیوم (عمر 22 سال) اور محمد قاسم ولد محمد دین (عمر 55 سال) اس فائرنگ کے نتیجے میں جان سے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں شہریوں کا تعلق ’بارہ دری ٹیٹرانوٹ‘ سے ہے۔

بیان کے مطابق: ’اپنی نئی جیو پولیٹکل پالیسی کے تحت انڈین افواج نے اپنے جھوٹے بیانیے اور من گھڑت الزامات کے لیے معصوم جانیں لینے کا منصوبہ شروع کر دیا۔‘

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ پاکستان ایل او سی کے قریب آباد کشمیریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنے ’انتخاب کے مطابق جواب‘ دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بیان کے مطابق: ’انڈیا کو کشمیریوں کے اپنی زمینوں پر کاشت کاری کے بنیادی حق سمیت بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرنے کی یاد دہانی کرائی گئی ہے۔‘

انڈین ناظم الامور طلب

اسلام آباد نے واقعے کے خلاف نئی دہلی سے شدید احتجاج کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ واقعے پر انڈین ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جانے کی مذمت کی گئی اور زور دیا گیا کہ اس طرح کی کارروائیاں 2003 کے جنگ بندی کی مفاہمت کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق انڈیا پر زور دیا گیا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرے، اس واقعے کی تحقیقات کرے اور لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان