انڈین ’پسوڑی‘ پر پاکستانی اور انڈین شائقین کی تنقید

انڈیا کی نئی آنے والی فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ میں پسوڑی کو ارجیت سنگھ کی آواز میں پیش کیا گیا ہے، جسے میوزک کمپنی ٹی سیریز نے اپنے ٹوئٹر پر ریلیز کیا۔

انڈین فلم ستیا پریم کی کتھا میں گانے پسوڑی سے لیا گیا سکرین گریب جس میں کارتک آرین اور کیارا ایڈوانی مین لیڈ کے طور پر جلوہ گر ہوں گے (تصویر: نادیہ دوالا گرینڈ سن)

کوک سٹوڈیو پاکستان کے لیے علی سیٹھی اور شے گِل کے گانے ’پسوڑی‘ نے جہاں پوری دنیا میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑے وہیں سرحد پار انڈیا میں بھی مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا، کئی گلوکاروں نے اسے اپنی آواز بھی دے کر گانے کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

اور اب انڈیا کی نئی آنے والی فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ میں اسی گانے کو ارجیت سنگھ کی آواز میں پیش کیا گیا ہے، جسے میوزک کمپنی ٹی سیریز نے اپنے ٹوئٹر پر ریلیز کیا۔ 

پسوڑی کا یہ ری میک گانا انڈین اداکاروں کی جوڑی کارتک آرین اور کیارا اڈوانی پر فلمایا گیا ہے۔  جنہوں نے خود بھی اسے اپنے اکاونٹس سے پوسٹ کیا۔ 

لیکن گانا ریلیز ہونے کے فوراً بعد ہی دونوں ممالک کے سوشل میڈیا صارفین نے اس گانے کا اوریجنل گانے سے موازنہ شروع کر دیا۔ 

احمد نامی صارف نے گانے کے اس ورژن کو یکسر مسترد کرتے ہوئے لکھا، ’نقل کرنے کے لیے بھی ٹیلنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔‘

اشویر سنگھ نے کہا: ’بالی ووڈ کلاسک کو برباد کرنے کے بعد اب وہ پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں؟ اگر آپ تمام اریجیت سنگھ کے پیروکاروں کو لگتا ہے کہ یہ ایک اچھا گانا ہے، تو آپ موسیقی کے پرستار نہیں ہیں۔ یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ارجیت نے اس گانے کے لیے رضامندی ظاہر کی۔‘ 

صارفہ منجولہ کرکرنی نے ٹویٹ میں دونوں گانوں کو سراہا لیکن علی سیٹھی کی آواز کو بہترین قرار دیا۔  ’علی سیٹھی اور شے گِل کے گانے کو کوئی نہیں ہرا سکتا پر ارجیت سنگھ نے اس میں انصاف کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اصل ہمیشہ اصلی ہوتا ہے.‘ 

ابھیشیک نے لکھا کہ ’میں نے سوچا کہ یہ اس گانے میں بھی بادشاہ (انڈین ریپر) کو شامل کر کے خراب کر دیں گے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ ارجیت ہے، اور یہ برا نہیں ہے۔‘

ایک اور صارف کرشنا نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ فنکار اور اداکار ایسے کام کرنے سے کیسے انکار نہیں کر سکتے؟ یہاں تک کہ وہ جانتے ہیں کہ اصل کتنا عظیم تھا۔‘ 

صارف ویراج نے ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے نیا پسوڑی سننے کی اپنی کیفیت بھی بیان کر دی 

علی سیٹھی اور شائے گل کا گانا ’پسوڑی‘ کوک سٹوڈیو کے سیزن 14 میں پیش کیا گیا تھا، جسے دنیا بھر سے پزیرائی حاصل ہوئی اور اب اس کا نیا ورژن جس بالی ووڈ فلم کے لیے فلمایا گیا ہے وہ انڈیا میں 29 جون 2023 کو سینیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ