روم کے معروف سیاحتی مقام اور تاریخی کولوسیم کی دیوار پر ایک شخص کی اپنے اور گرل فرینڈ کے نام تراشتے ہوئے ویڈیو سامنے آنے کے بعد اطالوی عوام نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور اب پولیس نے بھی اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
کولوسیم تقریباً دو ہزار سال پرانی یادگار ہے اور اس کی دیوار پر ایک انگلش بولنے والے شخص نے اپنے اور اپنی گرل فرینڈ کا نام کندہ کر کے اس کی ویڈیو بنائی تھی۔
ویڈیو کے ٹائم سٹیمپ کے مطابق اس شخص کو گذشتہ جمعے 'Ivan + Hayley 23' کے الفاظ کولوزیم کی ایک اینٹ پر کھرچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مشتبہ شخص، جن کی شناخت ابھی باقی ہے، پھر مڑ کر سامنے کھڑے شخص کو دیکھ کر مسکرایا جس نے کہا: ’کیا تم سنجیدہ ہو؟‘
اٹلی کے وزیر ثقافت گینارو سانگیولیانو نے پیر کو اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اسے ’انتہائی سنگین، غیر ضروری اور غیر مہذب‘ علامت قرار دیا اور کہا کہ ایک سیاح اپنی منگیتر کا نام کندہ کرنے کے لیے دنیا کے مشہور ترین مقامات میں سے ایک کولوسیم کو نقصان پہنچا رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’مجھے امید ہے کہ جس نے بھی یہ کیا ہے اس کی نشاندہی کی جائے گی اور ہمارے قوانین کے مطابق انہیں سزا دی جائے گی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جرم ثابت ہونے پر اس شخص کو مبینہ طور پر کم از کم 15 ہزار یورو جرمانے کے علاوہ ممکنہ قید تک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کولوسیم کی ڈائریکٹر الفونسینا روسو نے کہا کہ کارابینیری پولیس مشتبہ شخص کا سراغ لگا رہی ہے اور ’ہم دیکھیں گے کہ کیا ہم اسے گرفتار کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے ڈیلی میل کو بتایا کہ ’جب آپ کو کولوسیم میں جاہل لوگ ملتے ہیں تو وہ اس قسم کی غنڈہ گردی ہوتی ہے اور مجھے امید ہے کہ وہاں کوئی بھی ان کی پیروی نہیں کرے گا۔
روم میں کارابینیری نیم فوجی پولیس نے کہا کہ محکمے کو اس واقعے کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے اور افسران مجرم کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محکمے نے مزید کہا کہ ’جب وہ پکڑا جائے گا تو اسے سزا ملے گی۔‘
سوشل میڈیا پر اطالوی شہریوں نے سیاح پر تنقید کرتے ہوئے اسے ’انتہائی حقیر رویہ‘ قرار دیا۔
ایک صارف نے ٹوئٹر پر لکھا: ’امریکی ہمیشہ یہ سوچتے ہیں کہ ہر چیز پر ان کی ملکیت ہے۔‘
تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سیاحوں کو یونیسکو کے اس عالمی ثقافتی ورثے کی جگہ کو خراب کرنے پر جرمانہ کیا گیا ہو۔
2020 میں ایک آئرش سیاح پر اس وقت کولوسیم میں توڑ پھوڑ کا الزام لگایا گیا جب سکیورٹی عملے نے انہیں قدیم ڈھانچے میں مبینہ طور پر اپنے نام کے ابتدائی حروف تراشتے ہوئے پکڑا تھا۔
© The Independent