وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کہا ہے کہ ان کی حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو رہی ہے اور پھر الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں قومی نصاب میں اصلاحات اور 14 ارب روپے مالیت کے پاکستان بہبود تعلیم فنڈ کے آغاز کے موقع پر کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت گزشتہ سال اپریل میں قائم ہوئی تھی جب اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کو قومی اسمبلی سے عدم اعتماد کے ووٹ سے ختم کیا گیا تھا۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وزیر اعظم نے اپنی حکومت کے خاتمے کی کسی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان سے قبل عام انتخابات کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ آیا اس سال بھی منعقد ہوں گے یا نہیں۔ اس بیان سے یہ ابہام ختم ہونے کی توقع ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی۔ اس کے بعد انتخابات اکتوبر یا نومبر میں جب بھی ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن نے اس کا اعلان کرنا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے آج آئی ایم ایف کے بورڈ کے اجلاس کے حوالے سے بھی کہا کہ ’دعا کریں، آج آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، وہاں ہمارا پروگرام منظور ہو جائے۔‘
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہبود فنڈ کے لیے رواں مالی سال تین ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے اور انہیں قوم کا معمار بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ دس سال میں پاکستان بہبود تعلیم فنڈ کو بڑھا کر ایک سو چالیس ارب روپے کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے مشکل گھڑی میں مالی تعاون کرنے پر چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد جو بھی اگلی حکومت بنائے گا اس قوم کو عظیم بنانے کے لیے تعلیم کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے یہ اعلان حکمران جماعت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اتحاد کے رہنما مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے ایک روز بعد کیا، جس میں ملک میں وقت پر عام انتخابات کرانے پر اتفاق کیا گیا۔