پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک ان دنوں اپنی کسی فلم یا نئے پروجیکٹ کی وجہ سے خبروں کی زینت نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر محسن عباس حیدر کے ساتھ ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کی وجہ سے زیر بحث ہیں جس میں وہ محسن سے آن سکرین معذرت کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اور شوبز کی صنعت میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہ ویڈیو حیرانی کا سبب ہے کیوں کہ اس سے قبل حمائمہ ملک محسن عباس پر سنگین الزامات کی گواہی دے چکی ہیں۔
اس سارے معاملے کے پیچھے کی کہانی چار سال قبل یعنی 2019 میں شروع ہوئی تھی جب محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے ان پر مبینہ گھریلو تشدد کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کرایا تھا۔
اس کے بعد پاکستان کے کئی نامور ستاروں نے محسن عباس کو کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا جن میں سر فہرست حمائمہ ملک کی بہن دعا ملک تھیں جنہوں نے خود کو اس سارے معاملے کا چشم دید گواہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے محسن عباس کو اپنی بیوی کو سڑک پر بھی مارتے دیکھا تھا۔
دعا ملک کا کہنا تھا کہ وہ فاطمہ کی خواہش پر خاموش رہیں کیوں کہ ان کو لگتا تھا کہ محسن بدل جائیں گے۔
حمائمہ ملک نے بھی محسن عباس کے خلاف سخت تنقیدی ٹوئٹس کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں گواہ ہوں، دعا ملک ( بہن) مجھے کال کر بتاتی تھیں کہ ان کے لیے فاطمہ سہیل کو سننا کتنا تکلیف دہ ہے جس سے وہ تین سال سے گزر رہی ہیں، کاش فاطمہ یہ پہلے کر دیتی جو اس نے اب کیا، اپنی بیوی کو روز مارنا جبکہ آپ کا بچہ پیدا ہونے والا ہو، ہم نے اس کی تکلیف اور تصاویر دیکھی ہیں۔‘
I’m a witness @DuaMalikk use to call me and tell me how painful it was for her to listen to Fatima sohail and her suffering from pain it’s been 3 years I wish Fatima did this before what she did now
— HUMAIMA MALICK (@HumaimaMalick) July 21, 2019
اس ٹوئٹ میں حمائمہ نے محسن کا نام لکھتے ہوئے کہا تھا کہ اب دنیا کے سامنے آکر کہنا کہ وہ جھوٹ بول رہی ہے محسن کو شرم آنے چاہیے۔
Beating your wife everyday even when she had your baby in her stomach, we have seen the pictures and seen her pain, now coming out in public and saying she is lying shame on you mohsin
— HUMAIMA MALICK (@HumaimaMalick) July 21, 2019
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’بدسلوکی کے چار طویل سال، جسمانی زیادتی، ذہنی اذیت اور جذباتی زیادتی کے بعد فاطمہ اب دنیا تمہارے ساتھ ہے۔۔۔ آگے بڑھو۔‘
4 years..... four long years of abuse . Physical abuse , Mental abuse , and Emotional abuse Fatima now the world is with you go on #saynotodomesticviolence
— HUMAIMA MALICK (@HumaimaMalick) July 21, 2019
اس کے بعد پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے تقریبا تمام اداکاروں نے سوشل میڈیا پر محسن عباس کے خلاف بیانات جاری کیے جس میں ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، عثمان خالد بٹ، عاصم اظہر، عشنا شاہ، ہانیہ عامر، مہوش حیات اور سجل علی جیسے نام شامل ہیں۔
اس کہانی کا اگلا حصہ شروع ہوا 2022 میں جب پاکستانی اداکار فیروز خان کی اہلیہ علیزے فاطمہ نے ان پر مبینہ گھریلو تشدد کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے خلع حاصل کرنے کے لیے رجوع کر لیا اور ساتھ ہی کئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں جن میں وہ زخمی دکھائی دیں۔
اداکار فیروز خان حمائمہ ملک اور دعا ملک کے بھائی ہیں جنہوں نے محسن عباس کو اہلیہ پر مبینہ تشدد کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اس کے بعد حمائمہ ملک پر بھی کئی سوالات اٹھے کہ اگر یہ سچ ہے تو انہوں نے محسن عباس پر تو تنقید کی لیکن اپنے گھر میں اپنے بھائی کو تشدد کرنے سے نہ روک سکیں۔
لیکن حال ہی میں وہ نجی ٹی وی پر ایک شو کی مہمان بنیں جس میں محسن عباس میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ اسی شو کے کلپ نے لوگوں کو ایک بار پھر یہی کہانی یاد کرا دی ہے، جس میں حمائمہ محسن عباس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ ’میں نے کبھی اپنی زندگی میں آپ کے لیے کچھ ایسا کہا ہو تو میں اس کے لیے آن سکرین بولنا چاہتی ہوں، کہ وقت بدلتا ہے لوگ بدلتے ہیں انداز بیاں بھی بدل جاتے ہیں۔‘
شو کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کو حمائمہ کا یہ انداز کچھ سمجھ نہیں آیا کہ پہلے گواہی اور اب معافی آخر یہ کیسے ہو سکتا ہے؟
عائشہ نامی سوشل میڈیا صارف نے اس ویڈیو کے نیچے تبصرہ کرتے لکھا کہ ’اب آپ سب کے لیے اپنی بیوی پر تشدد کرنا جائز ہے کیوں کہ میرے بھائی نے بھی یہی کیا ہے۔‘
صارف زین نے سوال کیا کہ ’کیا یہ منافقت ہے یا اس سے بھی اوپر والا لیول؟‘
جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اب یہ اس پر یقین کیوں کر رہی ہیں جبکہ پہلے انہوں نے وہ تصاویر اور ثبوت دیکھے تھے جو انہوں نے کیا۔‘
تاہم ایک سوشل میڈیا صارف سدرہ حسین نے حمائمہ کی آن سکین معافی کو سراہا اور لکھا کہ ’ماننے اور معافی مانگنے کے لیے ہمت چاہیے ہوتی ہے۔‘