امریکہ کی ایک عدالت نے عالمی شدت پسند تنظیم داعش کو مالی مدد فراہم کرنے کی کوشش پر 31 سالہ پاکستانی ڈاکٹر کو 18 سال کی قید کی سزا سنا دی۔
امریکی محکمہ انصاف کی ویب سائٹ پر شائع فیصلے کے مطابق عدالتی دستاویزات میں کہا گیا کہ 31 سالہ محمد مسعود پاکستان میں لائسنس یافتہ میڈیکل ڈاکٹر ہیں اور وہ ایچ ون بی ویزا کے تحت امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر روچیسٹر کے ایک میڈیکل کلینک میں ریسرچ کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق جنوری 2020 اور مارچ 2020 کے درمیان محمد مسعود نے ایک شدت پسند تنظیم میں شامل ہونے کی غرض سے بیرون ملک سفر کو آسان بنانے کے لیے ایک خفیہ پیغام رسانی والی ایپلی کیشن استعمال کی تھی۔
اس کے علاوہ محمد مسعود نے داعش میں شامل ہونے کی خواہش کے بارے میں متعدد بیانات دیے اور انہوں نے داعش اور اس کے رہنما کے ساتھ اپنی وفاداری کا عہد کیا۔
تفصیل کے مطابق 216 ماہ کی سزا پانے والے مسعود نے امریکہ میں ’لون وولف‘ دہشت گردانہ حملے کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
21 فروری 2020 کو مسعود نے شکاگو سے مشرق وسطیٰ کے لیے طیارے کا ٹکٹ خریدا اور شام جانے کا ارادہ کیا۔
تاہم کرونا کی وبا کی وجہ سے عائد سفری پابندیوں کے باعث 16 مارچ 2020 کو ان کا سفر کا منصوبہ بدل گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے بعد مسعود نے منیاپولس سے لاس اینجلس جانے پر رضامندی ظاہر کی تاکہ ایک ایسے شخص سے ملاقات کی جا سکے جس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ وہ انہیں داعش کے زیرانتظام کے علاقے تک پہنچانے کے لیے کارگو جہاز کے ذریعے سفر کرنے میں ان کی مدد کرے گا۔
19 مارچ 2020 کو مسعود نے روچیسٹر سے منیاپولس کا سفر کیا اور پال انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ایم ایس پی) لاس اینجلس، کیلی فورنیا جانے والی پرواز میں سوار ہوئے۔
وہاں پہنچنے پر مسعود نے اپنی پرواز کے لیے چیک ان کیا جس کے میں ایف بی آئی کی جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
مسعود نے 16 اگست 2022 کو ایک شدت پسند تنظیم کو مالی مدد فراہم کرنے کی کوشش کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔ انہیں جمعے کو سینیئر جج پال اے میگنسن کے سامنے سزا سنائی گئی۔
ایف بی آئی کی جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس نے اس مقدمے کی تحقیقات کیں جبکہ منی سوٹا کے اسسٹنٹ امریکی اٹارنی اینڈریو آر ونٹر اور قومی سلامتی ڈویژن کے انسداد دہشت گردی سیکشن کے ٹرائل اٹارنی دمتری سلاوین نے اس مقدمے کی پیروی کی۔