وائٹ ہاؤس کے باہر خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کی فائرنگ سے مسلح شخص زخمی

’مسلح تصادم‘ کا یہ واقعہ ہفتے کی نصف شب وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں واقع آئزن ہاور ایگزیکٹو آفس بلڈنگ کے باہر پیش آیا تاہم اس وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلوریڈا میں اپنی پام بیچ رہائش گاہ میں موجود تھے۔

واشنگٹن ڈی سی میں نو مارچ 2025 کو امریکی خفیہ سروس کے افسران وائٹ ہاؤس کے قریب گشت کر رہے ہیں۔ اتوار کی صبح ایک مسلح شخص کو وائٹ ہاؤس کے باہر تصادم کے بعد امریکی خفیہ سروس کے اہلکاروں نے گولی مار دی تھی (اے ایف پی)

وائٹ ہاؤس کے باہر ایک 27 سالہ مسلح شخص امریکی خفیہ ایجنسی کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گیا ہے۔

’مسلح تصادم‘ کا یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں واقع آئزن ہاور ایگزیکٹو آفس بلڈنگ کے باہر پیش آیا تاہم اس وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلوریڈا میں اپنی پام بیچ رہائش گاہ میں موجود تھے۔

ہفتے کو واشنگٹن میٹرو پولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ نے خفیہ ایجنسی اور دیگر سکیورٹی اداروں کو خبردار کیا تھا کہ ایک ’خودکشی پر مائل شخص‘ انڈیانا سے واشنگٹن کا سفر کر رہا ہے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق بلیٹن میں بتایا گیا کہ 27 سالہ اینڈریو ڈاسن نامی شخص ’سوسائیڈ بائی کوپ‘ (یعنی پولیس کے ہاتھوں مارے جانے) کا اردہ رکھتا ہے اور اس کے پاس ایک بی بی (چھرے والی) گن ہے۔

خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے خبردار کیے گئے شخص کی گاڑی 17ویں اور ایف سٹریٹ کے قریب دیکھی، بعد ازاں ایک شخص جو پولیس کے دیے گئے حلیے سے مشابہ تھا، 17ویں اور جی سٹریٹ کے قریب پایا گیا جہاں ان کے درمیان مسلح تصادم ہوا۔

سی این این کے مطابق مقابلے کے دوران مذکورہ شخص نے پہلے بندوق خود پر تانی اور پھر اچانک خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کی طرف کر دی۔ اہلکاروں نے ہتھیار پھینکنے کی وارننگ کو نظرانداز کیے جانے کے بعد ان پر فائرنگ کر دی۔

زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم اس کی حالت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خفیہ ایجنسی کے ترجمان اینتھونی گوگلیلمی نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ ’جب اہلکاروں نے اس شخص کے قریب جانے کی کوشش کی تو اس نے اسلحہ نکال لیا، جس کے نتیجے میں ایک مسلح تصادم ہوا اور اہلکاروں کو گولیاں چلانی پڑیں۔‘

اس واقعے میں کوئی سکیورٹی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ معاملے کی تحقیقات میٹرو پولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کر رہا ہے جس نے خبر رساں ادارے روئٹرز کی مزید تبصرہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

دی انڈپینڈنٹ نے بھی میٹروپولیٹن پولیس اور سیکرٹ سروس سے تبصرہ کی درخواست کی ہے۔

سی این این نے مزید بتایا کہ مشتبہ شخص کی گاڑی سے ایک اور ہتھیار بھی برآمد ہوا۔

وائٹ ہاؤس کے آس پاس اس نوعیت کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں جن میں مسلح افراد کو سکیورٹی فورسز نے گولی مار دی۔ 2016 میں ایک شخص نے وائٹ ہاؤس سکیورٹی گیٹ پر ہینڈ گن لہرا دی تھی، جسے گولی مار دی گئی۔ مئی 2023 میں 20 سالہ انڈین شہری سائی ورشت کندولا نے ایک رینٹڈ ٹرک کے ذریعے وائٹ ہاؤس کے حفاظتی بیریئر کو توڑنے کی کوشش کی تھی۔

جولائی 2024 میں ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جب ایک حملہ آور نے پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران ان پر فائرنگ کی جس سے ان کے کان کے قریب زخم آئے۔

ستمبر 2024 میں ایک اور مبینہ حملے کو اس وقت ناکام بنا دیا گیا جب ایک مشتبہ شخص کو ٹرمپ کے فلوریڈا کے گالف کلب کے باہر اسلحے کے ساتھ چھپے ہوئے دیکھا گیا۔ فلوریڈا پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا جس نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا تھا کہ وہ صدر کو قتل کرنا چاہتا تھا اور اس کے پاس ٹرمپ ٹاور سمیت نیویارک شہر کی طرف ٹارگیٹ کیے گئے میزائلوں کا کنٹرول تھا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ