انڈیا میں 18 سالہ نوجوان نے دنیا کا سب سے زیادہ بالوں والا چہرہ رکھنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا کر تاریخ رقم کر دی۔
للت پٹی دار نامی نوجوان کے چہرے پر بہت کم لگنے والی بیماری ہائپر ٹرائیکوسس یا ’ویئرولف سنڈروم‘ کی وجہ سے ایک مربع سینٹی میٹر میں تقریباً 202 بال موجود ہیں۔
بچپن میں ہم جماعتوں کی گھورتی نظروں کا سامنا کرنے کے باوجود، مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ وہ اپنی انفرادیت کو خوش دلی سے قبول کرتے ہیں اور اب اپنے یوٹیوب چینل پر اپنی روزمرہ زندگی کی جھلکیاں شیئر کرتے ہیں۔
حال ہی میں اس نوجوان نے اٹلی کے شہر میلان کا سفر کیا جہاں ان کے ریکارڈ کی لو شو ڈیئی ریکارڈ (Lo Show dei Record) میں باضابطہ طور پر تصدیق کی گئی۔ ان کے چہرے کا 95 فیصد سے زیادہ حصہ بالوں سے ڈھکا ہوا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق ’للت دنیا بھر میں قرون وسطیٰ سے اب تک درج کیے گئے تقریباً 50 کیسز میں سے ایک ہیں جو انہیں واقعی اربوں لوگوں میں ایک بناتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ لوگ میرے ساتھ اچھا برتاؤ نہ کریں۔ زیادہ تر لوگ میرے ساتھ اچھے ہی رہتے ہیں۔ یہ ہر شخص پر منحصر ہے۔
سکول کا پہلا دن زیادہ اچھا نہیں تھا کیوں کہ دوسرے بچے مجھ سے ڈر رہے تھے لیکن جب وہ مجھے جاننے لگے تو انہیں احساس ہوا کہ میں ان سے زیادہ مختلف نہیں ہوں۔‘
ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کہوں، کیوں کہ مجھے یہ شناخت ملنے پر بےحد خوشی ہو رہی ہے۔‘
جب کچھ لوگ ان سے کہتے ہیں کہ وہ اپنے چہرے کے بال کٹوا لیں تو وہ پورے اعتماد کے ساتھ جواب دیتے ہیں کہ وہ جیسے ہیں خود کو ویسا ہی پسند کرتے ہیں۔
’مجھے اپنا موجودہ چہرہ پسند ہے اور میں اپنی صورت نہیں بدلنا چاہتا۔‘
للت پٹی دار کے انسٹاگرام پر 2 لاکھ 65 ہزار اور یوٹیوب پر ایک لاکھ آٹھ ہزار فالوورز ہیں۔
© The Independent