ہو سکتا ہے کہ آپ کو کام کرتے رہنے کی لت پڑ گئی ہو اور ہفتے میں 80 گھنٹے دفتر میں گزارتے ہوں۔ شاید جب آپ ہر رات کو گھر پہنچتے ہوں تو چھوٹی چھوٹی باتوں پر توجہ دینے والے اپنے باس یا تنگ کرنے والے ساتھیوں کی شکایت کرنا چاہتے ہوں۔ وجہ کوئی بھی ہو ہمارے پیشہ ورانہ کرئیر اکثر ہمارے تعلقات پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اس صورت حال کی انتہائی بری شکل ہماری شادی تک کو برباد کر سکتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملازمت پیشہ افراد کے مختلف امور کی ماہر اور لیڈر شپ کوچ لین ٹیلر کہتی ہیں ’چونکہ ہم پیر سے جمعے تک دن کا زیادہ تر وقت دفاتر میں گزارتے ہیں اس لیے ہماری ملازمت کے اثرات آسانی سے ہماری نجی زندگیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔‘ لین ٹیلر نے ایک کتاب بھی لکھی جس کا عنوان تھا ’دفترکے سخت گیر باس کو رام کریں: باس کے بچگانہ رویئے سے نمٹتے ہوئے ترقی کریں۔‘
وہ مزید کہتی ہیں ’مثال کے طور پر یہ قدرتی بات ہے کہ آپ گھر آ کر دل کی بھڑاس نکالنا چاہیں لیکن اس طرح وقت گزرنے کے ساتھ آپ کی اہلیہ کے مزاج پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، وہ بے بسی محسوس کر سکتی ہیں۔‘
دفتری مصروفیات کو اکثر و بیشتر اپنی ذاتی زندگی میں لانا آپ دونوں میاں بیوی کے لیے پریشان کن ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے یہ جاننا اہم ہے کہ کہیں آپ کی ملازمت آپ کی شادی پر تو اثرانداز نہیں ہو رہی۔
کاروبار کی ترقی کے لیے عالمی سطح پر مشورے دینے والے اور کتاب ’مزاح کا فائدہ‘ کے مصنف مائیکل کیر نے اسی بات کو آگے بڑھایا ہے۔ وہ کہتے ہیں’آپ اس سرخ جھنڈی کی جلد شناخت چاہتے ہیں کہ کہیں ملازمت آپ کی شادی کو تو متاثر نہیں کر رہی۔ آپ اپنی اہلیہ کے معاملے میں اتنے غافل نہیں رہنا چاہتے کہ بہت دیر ہو جائے اور آپ صورت حال میں کوئی تبدیلی نہ لا سکیں۔
16 علامتیں ایسی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کی ملازمت آپ کی شادی کو تباہ کر رہی ہے۔
1۔ آپ ملازمت کو آپس کے تعلقات پر ترجیح دیتے ہیں
لین ٹیلر کہتی ہیں کہ اگرآپ اپنی اہلیہ کے ساتھ فلم دیکھنے، دوستوں کے پاس جانے یا محض اکٹھے وقت گزارنے جیسی سرگرمیوں کو نظرانداز کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اہلیہ کے ساتھ تعلقات میں دراڑ ڈال رہے ہیں۔
2۔ اہلیہ ملازمت کے معاملے آپ کی مشیر بن چکی ہیں
اگر آپ ملازمت میں اپنے اگلے ’قدم‘ کے لیے اہلیہ سے مسلسل مشورہ لیتے ہیں اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنی شادی کو ممکنہ طور پر خراب کر رہے ہیں۔
3۔ آپ اہلیہ سے کام کے علاوہ کوئی بات نہیں کرتے
لین ٹیلر کہتی ہیں کہ اگر واقعی آپ کے پاس اہلیہ سے بات سے کرنے کے لیے کام کے علاوہ کوئی موضوع نہیں ہے تو ایک بری علامت ہے۔ ’اگرآپ کو کام اور ذاتی زندگی کے درمیان تقسیم میں مشکل پیش آ رہی ہے تو ممکن ہے کہ آپ لوگوں اور منصوبوں کے باتیں کرتے رہیں اور آپ کو پتہ بھی نہ چلے۔‘ یہ ایسی عادت ہے جس سے آپ کو شعوری طور پر جان چھڑانی ہو گی۔
4۔ آپ ذاتی زندگی کے اہم مواقع پر رات دیر سے پہنچتے ہیں یا دفتری کام کی وجہ سے اکثر سرے سے پہنچنے ہی نہیں
مائیکل کیر کہتے ہیں کہ اس صورت حال میں اہلیہ آہستہ آہستہ ناراض رہنا شروع کر دیتی ہیں اور ایسا تاثر دیتی ہیں کہ آپ جان بوجھ کر اپنی ذاتی زندگی کی مصروفیات پر کام کو ترجیح دے رہے ہیں۔
5۔ جب آپ اہلیہ سے یہ پوچھتے ہیں کہ دن کیسا گزرا اور وہ خاموش رہتی ہیں
اگر آپ کی اہلیہ یہ سمجھتی ہیں کہ آپ کی ملازمت کی پریشانی سے وہ متاثر ہو رہی ہیں تو ایسی صورت میں وہ پیچھے ہٹ جاتی ہیں اور معمول سے ہٹ کر خاموش دکھائی دیتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اس صورت حال میں مزید کوئی کردار ادا نہیں کرنا چاہتیں۔ مائیکل کیر کہتے ہیں ’اصل میں انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اپنی نجی مصروفیات کے بارے میں آپ کو بتانا بے کار ہے کیونکہ موضوع بالآخر گھوم گھام کے پھر وہیں پہنچ جائے گا یعنی آپ کی دفتری مشکلات پر۔ ‘
6۔ آپ کی اہلیہ لا تعلق محسوس ہوتی ہیں
لین ٹیلر کے مطابق اگر اہلیہ آپ کے دفتر معاملات کے بار ے میں باتیں ہاتھ باندھے سنتی ہیں، تھوڑا بہت آنکھیں ملاتے ہوئے، یا ڈھیلا ڈھالا انداز اختیار کرتی ہیں تو یہ اشارہ ہے کہ وہ تکلیف محسوس کر رہی ہیں اور شاید ان کے ساتھ آپ کے تعلقات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
7۔ کسی نئی صورت حال پر آپ کا ردعمل
اگر آپ کی زندگی میں کوئی تبدیلی آتی ہے، شاید آپ کو کوئی نیا جاب رول، نیا باس یا کم تنخواہ ملی ہے، اور آپ اہلیہ سے اچانک ان باتوں پر لڑنا شروع کردیتے ہیں جن پر آپ نے پہلے کبھی ان سے بحث نہیں کی تو ایسی صورت حال شاید محض اتفاق نہیں ہے۔
8۔ میاں بیوی دونوں میں صبر کی کمی
مائیکل کیر کے مطابق اگر آپ کی اہلیہ آپ کی ملازمت کے حوالے سے ناراضی ظاہر کرنا شروع کردیں، چاہے ہمیشہ کھل کر بات نہ کریں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ آپ کی مدد کرنا چاہتی ہیں۔ لیکن یہ ناراضی دوسری شکل میں ظاہر ہو سکتی ہے جیسا کہ صبرمیں کمی اور زیادہ حساس ہو جانا۔
9۔ آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ کو زیادہ بات کرنا نہیں
اگر آپ ایسا محسوس کرتے ہیں کہ آپ ذہنی طور پر کسی دوسری جگہ پر ہیں تو اس صورت حال کا اہلیہ کو پتہ چل جائے گا۔ مائیکل ٹیلر کہتے ہیں’گھر آنے کے بعد بھی اگر آپ کے ذہن پر کام سوار ہے حتیٰ کہ ہفتے کے اختتام پر بھی تو ممکن ہے کہ آپ محسوس کریں کہ آپ کو دفتری معاملات اپنے تک محدود رکھنے کی ضرورت ہے۔ آپ اہلیہ کے ساتھ معمول کے سماجی تعلقات سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔ ‘
10۔ کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے آپ اہلیہ کو بہت کم وقت دیتے ہیں
اگر آپ دفتر میں رات گئے تک رکتے ہیں۔ اکثر چھٹی کے روز بھی دفتر جاتے ہیں، دفتری کام اکثر و بیشتر گھر لے آتے ہیں تو ممکن ہے کہ ان باتوں سے آپ اس وقت کی کمی کا شکار ہو جائیں جو آپ عام طور پر اپنی بیوی کے ساتھ گزارتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں امکانات موجود ہیں کہ آپ کے اہلیہ کے ساتھ تعلقات دباؤ میں آ جائیں گے۔
11۔ آپ ہر کسی کو خوش کرنے کے لیے زیادہ قربانی دینا شروع کر دیتے ہیں
کیا آپ ہر صبح دو گھنٹے اس لیے جلدی اٹھتے ہیں تا کہ رات کو جلدی گھر آ سکیں؟ کیا آپ ذاتی اور کام کے اہداف حاصل کرنے کے لیے اپنے من چاہے مشاغل ترک کر رہے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو یہ صورت حال بالآخر آپ کو توڑ کر رکھ دے گی۔
12۔ آپ سمجھتے ہیں کہ آپ گھر کے مقابلے میں دفتر میں زیادہ خوش رہتے ہیں اور اہلیہ کی بجائے دفتری ساتھیوں کے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے
اگر آپ ویک اینڈ ختم ہونے جانے کی جانب دیکھتے ہیں یا اپنے کاروباری دورے پر ایک آدھ دن ہی زیادہ گزارتے ہیں کیونکہ آپ سمجھتے ہیں کہ گھر جانے کی بجائے کام کرتے رہنا آسان ہے یا اس دوران آپ کم دباؤ کا شکار ہوتے ہیں تو اس صورت میں آپ اپنے لیے خود مسئلہ کھڑا کر رہے ہیں۔
13۔ آپ کی اہلیہ جذبات کے اظہار کے لیے طنز کا سہارا لیتی ہیں
اگر آپ کی اہلیہ اس طرح کی باتیں کریں’اگراس دورے سے واپسی پر بچے آپ کو پہچان لیں تو مجھے حیرت ہوگی‘ تو یہ علامت ہو سکتی ہے کہ وہ صورت حال سے تنگ آ چکی ہیں۔
14۔ آپ دفتر سے تھکے ہوئے گھر آتے ہیں
اگر آپ دفتر سے تھکے ہوئے گھر آتے ہیں اور آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی ساری طاقت دفتری کام چکا ہے۔ یا آپ کے پاس بیوی بچوں کے ساتھ گزارنے کے لیے وقت ہی نہیں ہوتا تو آپ آہستہ آہستہ خود اس رشتے کو خراب کر رہے ہیں۔
15۔ آپ چڑچڑا پن محسوس کرتے ہیں
اگر آپ دفتر سے پریشانیوں سمیت گھر آئے ہیں تو ظاہری بات ہے آپ زیادہ چڑچڑے ہوں گے اور اپنی بیوی کے ساتھ خواہ مخواہ بلاوجہ کی چیزوں پر بحث کرنے لگیں گے۔
16۔ آپ کی اہلیہ دفاعی انداز اختیار کر لیتی ہیں
اگر آپ کے چڑچڑے پن کے جواب میں بہت دیر تک آپ کی اہلیہ خاموش ہیں، وہ کوئی جواب نہیں دے رہیں یا وہ کسی بڑے جھگڑے سے بچنے کے لیے اپنے دفاع میں مختصر دلائل دے رہی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ان پریشانیوں سے بے نیاز رہنا چاہتی ہیں، اور مستقبل قریب میں شاید اس رشتے سے بھی۔_______________________________________________________________
یہ مضمون پہلے بزنس انسائیڈر میں شائع ہوا۔