مریم جیلانی کی پاکستانی کھانوں پر کتاب جو باورچیوں کی داستان بھی سناتی ہے

مریم جیلانی کی اس کُک بُک میں 100 ترکیبیں شامل ہیں، جو پاکستان کے 16 دیہات، قصبوں اور شہروں میں موجود 40 کچن سے حاصل کی گئی ہیں۔

رمضان عبادت کا مہینہ ہونے کے ساتھ ساتھ سحر و افطار کے مزیدار پکوانوں سے دسترخوان کی رونق دوبالا کر دیتا ہے، جبکہ عید کے موقعے پر پاکستانیوں کے دسترخوان مزید وسیع اور پرتکلف ہو جاتے ہیں۔

ایسے میں امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد مریم جیلانی ایک ایسی کتاب لے کر آئی ہیں، جس میں پاکستان کے لذیذ کھانوں کے ساتھ ان کی کہانیوں کو بھی ایک جگہ پر جمع کیا گیا ہے۔

2008 میں مریم واشنگٹن ڈی سی میں گریجویٹ طالبہ کے طور پر منتقل ہوئیں تو وہاں انہوں نے ’پاکستان ایٹس‘ کے نام سے ایک بلاگ شروع کیا۔

بلاگ کا مقصد اُن پاکستانی پکوانوں کو دنیا تک لے جانا تھا جو مغرب کے لیے زیادہ معروف نہیں تھے۔

تاہم، اس بلاگ سے شروع ہونے والا یہ سفر 15 سال بعد اب ایک کتاب کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو نے مریم جیلانی سے ان کی کتاب اور پردیس میں رہتے ہوئے پاکستانی کھانوں سے ان کی محبت کے بارے میں جاننے کی کوشش کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’پاکستان ایٹس‘ کے بارے میں مریم جیلانی نے بتایا کہ ’پاکستان ایٹس ایک فوڈ بلاگ ہے جو میں نے 2016 میں شروع کیا تاکہ ملک بھر سے مختلف پاکستانی ترکیبیں اکٹھی کر سکوں۔

’میرا مقصد پاکستانی کھانوں کی ایک مکمل تصویر پیش کرنا تھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان کی یہ ویب سائٹ 2018 میں سیور بلاگ ایوارڈ برائے بہترین فوڈ کلچر جیت چکی ہے اور اسے امریکی لائبریری آف کانگریس نے اپنے فوڈ اینڈ فوڈ ویز ویب آرکائیو میں محفوظ کرنے کے لیے منتخب کیا۔

اپنی نئی کتاب کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہی ویب سائٹ میری کھانوں کی بک ’پاکستان‘ پر کام کرنے کی وجہ بنی، جو 25 مارچ، 2025 کو شائع ہوئی۔

’یہ شمالی امریکہ میں شائع ہونے والی اولین بڑے پیمانے کی پاکستانی کُک بُکس میں سے ایک ہے۔

مریم کی یہ کتاب صرف کھانوں کی ترکیبوں کا مجموعہ نہیں بلکہ اپنے ملک سے دور بسنے والوں کے لیے اپنے ذائقوں سے جڑے رہنے کی ایک خوبصورت کوشش بھی ہے۔

ان کی کُک بُک میں 100 ترکیبیں شامل ہیں، جو پاکستان کے 16 دیہات، قصبوں اور شہروں میں موجود 40 کچن سے حاصل کی گئی ہیں۔

اپنی کتاب کے بارے میں مریم لکھتی ہیں کہ ’اگرچہ میں 10 سال سے پاکستان میں نہیں رہ رہی تھی، مگر ہر کچن میرے لیے گھر جیسا محسوس ہوا۔‘

ان کی اس کتاب میں کھانوں کی کتنی ترکیبیں شامل ہیں اور انہوں نے اسے کیسے اکٹھا کیا؟

اس پر مریم نے بتایا کہ انہوں نے مارچ 2023 میں پاکستان بھر کا سفر کیا اور سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، اور شمالی علاقوں کے 16 دیہات، قصبوں اور شہروں سے تراکیب جمع کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی اس کتاب میں وہ ترکیبیں شامل ہیں جو اس سفر کے دوران اکٹھی کی گئیں، کچھ میری فیملی سے حاصل کی گئیں جبکہ چند ثانوی تحقیق سے لی گئیں۔

کیا یہ کتاب صرف ترکیبوں کے بارے میں ہے یا اس میں ثقافتی کہانیاں بھی شامل ہیں؟

اس سوال پر مریم نے بتایا کہ ’میں نے پاکستانی باورچیوں اور ان کی کہانیوں کو اپنی کتاب میں نمایاں طور پر شامل کرنا چاہا ہے، اسی لیے ہر ترکیب کے ساتھ ایک تعارفی نوٹ موجود ہے، جس میں باورچی کی تفصیلات درج ہیں۔

’اس کے علاوہ کتاب میں آٹھ تحریری مضامین بھی شامل ہیں جو پاکستان کے مختلف صوبوں، بڑے شہروں اور علاقوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین