فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرنا فرض ہے: کراچی کے صحافیوں کی ریلی

صحافی مظہر عباس نے کہا کہ ’غزہ میں اسرائیلی باقاعدہ صحافیوں کو اپنے نشانے پر رکھے ہوئے ہیں جس کے بعد مرنے والے صحافیوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر چکی ہے۔‘

کراچی میں آٹھ نومبر 2023 کو فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرہ (انڈپینڈنٹ اردو)

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جارحیت کے خلاف کراچی پریس کلب پر آٹھ نومبر 2023 کو غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

کراچی کی صحافی برادری نے کراچی پریس کلب سے گورنر ہاؤس تک مارچ کے ذریعے فلسطینی صحافیوں اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور نعرے بھی بلند کیے گئے۔

اس مارچ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں شہر بھر کے صحافیوں کے ساتھ کئی صحافیوں کے اہلِ خانہ نے بھی حصہ لیا۔

اس موقعے پرصحافی اور تجزیہ نگار مظہر عباس نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’صحافی معاشرے کا طاقت ور ستون ہے جو سچ سامنے لاتا ہے جو دنیا بھر کے حکمرانوں سمیت ظلم کو بےنقاب کرتا ہے اسی لیے غزہ میں اسرائیلی باقاعدہ صحافیوں کو اپنے نشانے پر رکھے ہوئے ہیں جس کے بعد مرنے والے صحافیوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان کے خاندان تک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘

مظر عباس کا کہنا تھا کہ ’پاکستان بھر کے عوام کو مشترکہ لائحۂ عمل بنانے کی ضرورت ہے اور ہم احتجاج کے ذریعے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہیں اور فلسطین کے آزاد ہونے تک یہ احتجاج جاری رکھیں گے۔‘

پاکستان یونین آف جرنلسٹس کے چیئرمین جی ایم جمالی بھی غزہ مارچ کا حصہ بنے۔ انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’اسرائیلی درندے نہ جنگ کے اصولوں پر عمل پیرا ہیں نہ کسی اخلاقیات ہر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے خاندان کے خاندان اجاڑ دیے، صحافیوں کو ٹارگٹ کیا تاکہ ان کا مکروہ چہرہ سامنے نہ آ سکے۔ فلسطینی نیوز ایجنسی وفا کے رپورٹر محمد ابو حاسرہ کو خاندان کے 40 افراد سمیت مار دیا گیا، ایسے سینکڑوں خاندان ہیں جو مٹا دیے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اب تک اسرائیلی بمباری سے 40 کے قریب صحافی اپنی ڈیوٹی کے دوران جان کی بازی ہارے ہیں، بمباری ابھی تھمی نہیں۔ صحافیوں کو نشانہ بنانے کا مقصد فلسطینیوں کی نسل کشی کو دنیا سے پوشیدہ رکھنا ہے۔‘

جی ایم جمالی کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ ’اگر اتنی بڑی تعداد میں دنیا میں کہیں اور صحافی نشانہ بنتے تو میڈیا فریڈم کے بین الاقوامی اداروں کا ردعمل دیدنی ہوتا۔ آج اواز بلند کرنے کا یہ فرض بطور صحافی ہم سب کے کاندھوں پر ہے۔‘

دوسری جانب جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی شاہراہ قائدین پر بچوں کا غزہ مارچ نکالا گیا۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت کا شکار ہونے والے بچوں کے لیے مارچ کیا گیا۔

جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ میں موجود تمام بچوں اور اساتذہ کا شکر گزار ہوں، یہ بچے آج پوری امت کے مسلمانوں کو پیغام دے رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ’آج قبل اول صیہونیوں کے قبضے میں ہے، یہودی سمجھتے ہیں کہ وہ گریٹراسرائیل بنائیں گے، اسرائیل اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے بچوں کو شہید کررہا ہے۔‘

امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارا نظام تعلیم نہیں بتاتا کہ امریکہ ایک دہشت گرد ریاست ہے، امریکہ آج اسرائیل کو سپورٹ کررہا ہے، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان