چین نے ہفتے کو شادی کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے اور جوڑوں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے جو شرح پیدائش بڑھانے کے لیے بیجنگ کی تازہ ترین کوشش ہے۔
چین میں جوڑے کم شادی کر رہے ہیں اور بچوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی کئی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ مثال کے طور پر مالی ترغیبات اور بچوں کی نگہداشت کے مراکز کی تعمیر کے وعدے۔
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے ہفتے کو سرکاری دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ تازہ ترین اقدام کے تحت اب لوگ اپنی موجودہ شہروں پر ہی شادی رجسٹر کرا سکیں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق ’یہ اصلاحات خاص طور پر ان لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہیں جو اپنی رجسٹرڈ آبائی رہائش سے دور رہتے یا کام کرتے ہیں، خاص طور پر نوجوان نسل۔‘
اب تک جوڑوں کو شادی کی رجسٹریشن کے لیے لازمی طور پر اس جگہ جانا پڑتا تھا جہاں دولہا یا دلہن کا نام سول رجسٹری میں درج ہوتا ہے۔ اس عمل سے سفر اور مالی بوجھ بڑھ جاتا ہے۔
مثال کے طور پر اگر کوئی جوڑا بیجنگ میں شمالی چین میں مقیم ہے لیکن ان کا تعلق ملک کے مختلف حصوں سے ہے، تو وہ دارالحکومت بیجنگ میں شادی رجسٹر نہیں کرا سکتے۔
سی سی ٹی وی نے اعلان کیا کہ ’عوامی توقعات بہتر طور پر پورا کرنے کے لیے اور آزمائشی منصوبوں کی کامیابی کی بنیاد پر اب شادیوں کی رجسٹریشن پورے ملک میں کی جائے گی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چین کو جہاں غیر یقینی معاشی حالات کا سامنا ہے، وہیں ملک میں گذشتہ سال شادیوں کی تعداد میں ایک پانچواں حصہ کمی دیکھی گئی، اور مجموعی آبادی میں مسلسل تیسرے سال بھی کمی واقع ہوئی۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اور قدم کے طور پر وزارتِ شہری امور ’بعض نقصان دہ رواجوں جیسے کہ بھاری برائیڈ پرائس اور شادی پر فضول اخراجات کے خلاف مہم‘ کو فروغ دے گی۔
برائیڈ پرائس عموماً وہ رقم ہوتی ہے جو دولہا کے خاندان کی جانب سے اس کی ہونے والی بیوی کو دی جاتی ہے۔ اسے اکثر سسرالیوں کے لیے عزت کی علامت اور نئے جوڑے کی مشترکہ زندگی کے لیے ایک معاون رقم کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
تاہم بعض اوقات یہ رقم اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ دولہا کے خاندان پر شدید مالی دباؤ پڑتا ہے اور اس سے معاشرتی ناہمواری بھی بڑھتی ہے۔
ان گنت وجوہات میں سے جن کے باعث نوجوان شادی یا بچوں کی پیدائش سے ہچکچاتے ہیں، ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ان کے پاس اپارٹمنٹ خریدنے کے لیے مناسب بچت نہیں ہوتی جو عام طور پر شادی سے پہلے کا ایک لازمی کام سمجھا جاتا ہے۔
اسی طرح تعلیم کے اخراجات بھی ایک اہم مسئلہ ہیں، چاہے وہ ڈے کیئر کی فیس ہو یا نجی ٹیوشن، جو بچے کی تعلیمی کامیابی کے لیے تقریباً ناگزیر سمجھے جاتے ہیں۔