اوپن اے آئی کے تقریباً 500 ملازمین نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں کمپنی کے بورڈ سے مستعفی ہونے اور برطرف چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وائرڈ (امریکی میگزین) کے مطابق خط پر دستخط کرنے والے چیٹ جی پی ٹی کے پیچھے موجود اے آئی فرم کے عملے نے دھمکی دی ہے کہ اگر آلٹمین کو کمپنی میں واپس نہ لایا گیا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے اور مائیکروسافٹ میں جاکر ان کے ساتھ نئے منصوبے میں شامل ہوجائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بورڈ کی جانب سے آلٹمین اور شریک بانی گریگ بروکمین کو ہٹانے کے فیصلے نے کمپنی کا کام خطرے میں ڈال دیا ہے اور بورڈ پر الزام لگایا ہے کہ اس میں کمپنی کی نگرانی کرنے کی اہلیت نہیں ہے۔
اس میں بورڈ سے مستعفی ہونے اور ان کی جگہ دو نئے غیرجانبدار ڈائریکٹرز کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو خط پر دستخط کرنے والے افراد کمپنی سے استعفیٰ دے سکتے ہیں اور مائیکروسافٹ میں مسٹر آلٹمین اور مسٹر بروکمین کے ساتھ ان نئی مصنوعی ذہانت ریسرچ ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس خط پر اوپن اے آئی کے عملے کے کئی سینیئر ارکان نے دستخط کیے ہیں جن میں کمپنی کی چیف ٹیکنالوجی آفیسر اور بورڈ کے ایک رکن ایلیا سوٹسکیور بھی شامل ہیں جو ابتدائی طور پر آلٹمین کو ہٹانے کا فیصلہ کرنے والوں میں شامل تھے۔
سوٹسکیور نے اس کے بعد سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا ہے کہ انہیں بورڈ کے اقدام میں اپنی شرکت پر ’شدید افسوس‘ ہے اور وہ ’کمپنی کو دوبارہ جوڑنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملازمین کی جانب سے یہ مطالبہ اس کمپنی کے لیے غیر معمولی چند روز تک جاری ہے، جس نے جمعے کو آلٹمین کو برطرف کرنے کے حیران کن فیصلے کا اعلان کیا۔ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اسے ’اب اوپن اے آئی کی قیادت جاری رکھنے کی ان کی اہلیت پر اعتماد نہیں ہے،‘ لیکن ان کی برطرفی کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی۔
ہفتے کے اواخر میں یہ خبریں سامنے آئیں کہ مسٹر آلٹمین چیف ایگزیکٹو کے طور پر جلد واپس آنے کے بارے میں اوپن اے آئی کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے، لیکن کہا جاتا ہے کہ یہ باتیں اس وقت ختم ہوگئیں جب اوپن اے آئی کے سب سے بڑے سرمایہ کار مائیکروسافٹ نے پیر کی صبح ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ مسٹر آلٹمین کمپنی میں نئی جدید مصنوعی ذہانت کی تحقیقی ٹیم میں شامل ہو رہے ہیں۔
اس کے بعد اوپن اے آئی نے ٹویچ کے سابق باس ایمیٹ شیئر کو چیف ایگزیکٹو کے عہدے کی پیش کش کی ہے، جنہوں نے کہا کہ وہ کمپنی میں شامل ہونے پر راضی ہوگئے ہیں۔
اوپن اے آئی کے عملے کی ایک بڑی تعداد نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک ہی پیغام پوسٹ کیا: ’اوپن اے آئی اس کے لوگوں کے بغیر کچھ بھی نہیں ہے،‘ جو فرم کے اندر جاری عدم اطمینان کی پہلی علامت ہے۔