’ہم لینڈ کر رہے ہیں‘: امریکہ طیارہ حادثے میں پاکستانی نژاد خاتون کا شوہر کو آخری پیغام

اسریٰ حسین ان 60 سے زائد افراد میں شامل تھیں جو جمعرات کو ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا تھا۔

حماد اور اسریٰ حسین دونوں انڈیانا یونیورسٹی کے سابق طالب علم تھے اور دو سال قبل شادی کے بندھن میں بندھے تھے (اسریٰ حسین فیس بک)

امریکہ میں واشنگٹن ڈی سی میں پیش آنے والے حالیہ فضائی حادثے میں جان سے جانے والوں میں ایک پاکستانی نژاد خاتون بھی شامل ہیں جن کی شناخت اسریٰ حسین کے طور پر ہوئی ہے۔

اسریٰ ان 60 سے زائد افراد میں شامل تھیں جو بمبارڈیئر CRJ700 طیارے میں سوار تھے۔ یہ طیارہ جمعرات کو ایک امریکی فوجی تربیتی مشق کے دوران ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا تھا۔

ڈیلی میل کے مطابق انہوں نے حادثے سے چند لمحے قبل اپنے شوہر حماد رضا کو ایک پیغام بھیجا تھا جس میں لکھا تھا: ’ہم 20 منٹ میں لینڈ کر رہے ہیں۔‘

یہ پیغام بدھ کی رات تقریباً آٹھ بجے امریکن ایئرلائنز کی ذیلی کمپنی امریکن ایگل کی پرواز 5342 کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل بھیجا گیا تھا۔

 افسوسناک طور پر یہ ان کا آخری پیغام ثابت ہوا۔

دو سال قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والے حماد رضا، جو اس صدمے کے بعد شدید غم میں مبتلا ہیں، نے بتایا کہ انہوں نے اسریٰ  کو کئی جوابی پیغامات بھیجے، لیکن وہ ان کی اہلیہ تک نہیں پہنچے۔

حماد رضا نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: انہوں نے مجھے پیغام بھیجا کہ وہ 20 منٹ میں لینڈ کر رہی ہیں۔ میرے باقی پیغامات نہیں پہنچے اور تب مجھے محسوس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہو سکتی ہے۔

’میں بس دعا کر سکتا ہوں کہ کوئی انہیں ابھی اس وقت دریا سے نکال رہا ہو۔ بس یہی دعا کر سکتا ہوں، بس اللہ سے دعا کر رہا ہوں۔‘

حماد کے والد ڈاکٹر ہاشم رضا نے ایک ویڈیو کو ایکس پر ری شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’یہ میرا 25 سالہ بیٹا ہے، جس کی خوبصورت بیوی اسے چھوڑ گئی۔ ہم ان کے پاس ڈی سی جا رہے ہیں۔ اپنے پیاروں کو گلے لگائیں۔ ہم شدید غمزدہ ہیں، لیکن ہمارا اللہ پر پختہ ایمان ہے۔‘

ڈاکٹر ہاشم رضا سینٹ لوئس میں واقع میسوری بیپٹسٹ میڈیکل سینٹر میں ایک معروف معالج ہیں۔

حماد، جو ارنسٹ اینڈ ینگ میں بطور اکاؤنٹنٹ کام کرتے ہیں، اور اسریٰ، دونوں انڈیانا یونیورسٹی کے سابق طالب علم تھے۔

حماد نے اپنی اہلیہ کے بارے میں بتایا کہ وہ کام کے سلسلے میں وچیٹا گئی تھیں، لیکن وہ فضائی سفر میں ہمیشہ بےچین محسوس کرتی تھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک مقامی رپورٹر نے حماد سے گفتگو کے بعد اسے ’اپنے صحافتی کیریئر کا سب سے دل دہلا دینے والا انٹرویو‘ قرار دیا۔

حماد کے چچا، عاصم رضا، نے ڈبلیو یو ایس اے نامی میڈیا چینل کو بتایا کہ وہ بھی واشنگٹن ڈی سی جا رہے ہیں تاکہ اپنے بھتیجے اور خاندان کا خیال رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا: ’ یہ ایک ناقابلِ یقین جوڑا تھا، شاید سب سے زیادہ نرم دل اور مہربان لوگ۔ ان کو بیان کرنے کا یہی سب سے بہتر طریقہ ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ اسریٰ  ایک مشاورتی فرم میں کام کرتی تھیں اور وچیٹا میں ایک پروجیکٹ پر کام کر رہی تھیں۔

عاصم نے مزید بتایا: ’وہ ہر پیر کو وہاں جاتی تھیں، پورا ہفتہ کام کرتی تھیں، اور پھر ویک اینڈ پر واپس آ جاتی تھیں۔‘

انہوں نے اسریٰ  حسین کی شخصیت کو یاد کرتے ہوئے کہا: ’اسریٰ  خاص طور پر بہت محبت کرنے والی اور خوش مزاج تھیں۔ جب بھی وہ کسی کے گھر جاتیں، کبھی خالی ہاتھ نہ جاتیں۔ وہ تازہ پکی ہوئی کوکیز لے کر آتیں یا کوئی تحفہ، تاکہ دوسروں کو یہ محسوس ہو کہ وہ خاص ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا: ’ہمیں اسی چیز کا حوصلہ ہے، کیونکہ آپ جب اس سانحے سے دوچار ہوتے ہیں تو لوگ، جنہیں آپ جانتے بھی نہیں، مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔ یہی جذبہ ہے جو ہمیں حوصلہ دے رہا ہے۔‘

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (ای ایف پی) کے مطابق اس حادثے میںمیں 67 افراد جان سے گئے اور جمعرات کی شام تک 40 سے زائد لاشیں نکالی جا چکی تھیں۔

رونلڈ ریگن واشنگٹن نیشنل  ایئرپورٹ کے قریب بدھ کی رات ایک امریکی فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور امریکن ایئرلائنز کے علاقائی مسافر طیارے کے درمیان فضائی تصادم ہوا تھا۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق، امریکن ایئرلائنز کے لیے کام کرنے والی پی ایس اے ایئرلائنز کی پرواز 5342 لینڈنگ کے دوران ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گئی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی فوج کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ حادثے میں ان کے ہیلی کاپٹر کا بھی عمل دخل تھا۔

ایف اے اے کے مطابق، یہ طیارہ وچیٹا، کنساس سے روانہ ہوا تھا اور امریکن ایئرلائنز کی ویب سائٹ کے مطابق، یہ طیارہ 65 مسافروں تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا