’شادی‘ کے لیے آئی امریکی خاتون بالآخر فلاحی مرکز منتقل

فلاحی تنظیم چھیپا کے روح رواں رمضان چھیپا نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ امریکی خاتون کی ذہنی صحت درست نہیں البتہ ان کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے۔

اونیجا اینڈریو رابنسن کو سماجی رہنما رمضان چھیپا 30 جنوری کی شام بذریعہ ایمبولینس چھیپا فاؤنڈیشن کے ہیڈ کوارٹر لائے (نذیر شاہ)

پاکستانی لڑکے کی محبت اور اس سے شادی کی غرض سے کراچی آئی امریکی خاتون نے گارڈن میں قائم ایک عمارت کے پارکنگ ایریا میں دو دن اور ایک رات دھرنا دیے رکھا، لیکن اس کے بعد بالآخر انہیں منا کر چھیپا فلاحی مرکز منتقل کر دیا گیا۔

ان خاتون کا گذشتہ دو روز سے مسلسل میڈیا پر چرچا رہا اور ان کی محبت کی کہانی موضوع بحث بنی رہی۔

33 سالہ اونیجا اینڈریو رابنسن کو سماجی رہنما رمضان چھیپا 30 جنوری کی شام بذریعہ ایمبولینس شارع فیصل پر قائم چھیپا فاؤنڈیشن کے ہیڈ کوارٹر لے آئے تھے۔

جمعے کو ایک رمضان چھیپا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکی خاتون ٹیپو سلطان تھانے میں تھیں جہاں ان کی طبعیت آرام نہ کرنے کے باعث خراب ہوئی اور اب انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ 

 رماضان چھیپا نے کہا کہ ’خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے، کبھی کچھ تو کبھی کچھ بات کرتی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں یہ معاملہ عزت سے حل ہو جائے۔‘

تاہم کسی طبی ماہر یا حکومت کے کسی ادارے کی طرف سے یہ نہیں کہا گیا کہ امریکی خاتون کو کسی بھی طرح کا ذہنی صحت کا مسئلہ ہے۔

 پریس کانفرنس کے دوران رمضان چھیپا نے امریکی خاتون کی جانب سے بتائے جانے والے ان کے شوہر احمد ندال میمن سے گزارش کر دی کہ وہ فوری چھیپا ویلفیئر آئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مجھے ایک لاکھ ڈالر دیے جائیں: اونیجا

اونیجا پریس کانفرنس میں رمضان چھپیا کے ساتھ بیٹھی دکھائی دیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس کا آغاز ’صبح کے سلام سے کیا،‘ جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر پیسوں کا تقاضا کیا، ’اپنے شوہر کو تلاش کر رہی ہوں، اپنے شوہر کے ساتھ دبئی چلی جاؤں گی۔‘

اس سے قبل خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی احمد ندال سے آن لائن شادی ہو چکی ہے اور انہوں نے اسلام بھی قبول کر لیا ہے۔

’مجھے پیسے دیے جائیں، حکومت مجھے ایک لاکھ ڈالر دے اور 20 ہزار ڈالر اپنے لیے چاہییں یہ میری ضرورت ہے اور باقی اس شہر کے لیے مانگ رہی ہوں۔‘

 پریس کانفرنس کے دوران امریکی خاتون رمضان چھیپا پر بھی برس پڑیں اور کہا، ’تم چپ ہو جاؤ، یہ شخص بہت باتیں کرتا ہے۔‘

 پریس کانفرنس کے بعد امریکی خاتون اونیجا ایمبولینس میں بیٹھ کر روانہ ہو گئیں اور بیچ راستے سے ایمبولینس سے اتر کر رکشے میں بیٹھ گئیں جس کے بعد خاتون ایک گیسٹ ہاؤس کے اندر گھس گئیں لیکن گیسٹ ہاؤس نے خاتون کو کمرا دینے سے انکار کر دیا۔ 

پس منظر

 نیو یارک سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ اونیجا اینڈریو رابنسن کے مطابق وہ 11 اکتوبر کو امریکہ سے کراچی آئی تھیں اونیجا اینڈریو رابنس پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔

 انہوں نے جمعرات کو کراچی کے علاقے گارڈن میں قائم ایک عمارت کے پارکنگ ایریا میں دو دن اور ایک رات دھرنا دیے رکھا۔

 اس سے قبل کراچی ایئر پورٹ پولیس کو ایک بیان میں امریکی خاتون کا کہنا ہے کہ ’اونیجا اینڈریو رابنس کو کراچی کے علاقے گارڈن کے رہائشی 19 سالہ ندال میمن سے محبت ہوئی تھی اور یہ تعلق آن لائن قائم ہوا تھا۔‘

 بیان کے مطابق ’نوجوان امریکی خاتون سے شادی کے لیے راضی تھا لیکن گھر والوں نے امریکی خاتون سے شادی سے انکار کر دیا۔‘

پولیس کے مطابق ’امریکی قونصل خانے کی ٹیم کا کہنا تھا کہ وہ خاتون کو ’واپس بھیجنے کے لیے زبردستی نہیں کر سکتے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان