ہتک عزت کے مقدمے میں شہزادہ ہیری پر 48 ہزار پاؤنڈ کا ہرجانہ

ایک جج نے شہزادہ ہیری کو حکم دیا ہے کہ وہ ہتک عزت کے مقدمے میں سنڈے میل کے دفاع کا کچھ حصہ ختم کرنے کی کوشش میں ناکامی پر اخبار کو 48 ہزار پاؤنڈ ہرجانہ ادا کریں۔

برطانیہ کے شہزادہ ہیری سات جون 2023 کو سینٹرل لندن میں رائل کورٹس آف جسٹس میں آمد کے موقعے پر ہاتھ لہراتے ہوئے (اے ایف پی)

ڈیوک آف سسیکس (شہزادہ ہیری) کو حکم دیا گیا ہے کہ ہتک عزت کے مقدمے میں سنڈے میل کے دفاع کا کچھ حصہ ختم کرنے کی کوشش میں ناکامی پر وہ اخبار کو 48 ہزار پاؤنڈ ہرجانہ ادا کریں۔

شہزادہ ہیری نے اخبار کے پبلشر ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ (اے این ایل) کے خلاف ایک مضمون کی وجہ سے مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں برطانیہ کے اندر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہوم آفس کے ساتھ ان کی قانونی لڑائی کا ذکر کیا گیا۔

اب ایک جج نے شہزادے کو حکم دیا ہے کہ وہ قانونی اخراجات کی مد میں 48 ہزار 447 پاؤنڈ ادا کریں۔ ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ کے دفاع کا ایک حصہ ہٹانے کے متعلق ان کے کیس کی سماعت مارچ میں ہوئی تھی۔

گذشتہ ہفتے ہائی کورٹ کے جج جسٹس نکلن نے فیصلہ سنایا تھا کہ ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ ہتک عزت کیس میں ’ایماندارانہ رائے‘ کے ساتھ آگے بڑھ سکتی ہے۔ شہزادہ ہیری نے فروری 2022 میں شائع ہونے والے ایک مضمون پر نیوز گروپ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے امریکہ منتقل ہونے کے بعد ٹیکس دہندگان کی مالی اعانت سے ان کی سکیورٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جسٹس نکلن نے دلیل دی کہ ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ کے پاس اپنے موقف پر بحث کرنے کا ’حقیقی امکان‘ ہے اور اس کیس کو ٹرائل میں جانا چاہیے۔ جج نے حکم دیا کہ ہیری کو 29 دسمبر تک اخبار کو ادائیگی کرنی ہوگی۔

شہزادہ ہیری کے وکلا نے دلیل دی کہ اصل مضمون ہتک آمیز تھا۔ انہوں نے اسے ’ان کی ایمانداری اور دیانت داری‘ پر حملہ قرار دیا۔

اس مضمون کا عنوان تھا: ’کس طرح شہزادہ ہیری نے باڈی گارڈز پر حکومت کے ساتھ اپنی قانونی لڑائی کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی۔ پھر خبر منظر عام پر آنے کے کچھ ہی منٹ بعد ان کی پی آر مشین نے اس تنازعے پر مثبت اثر ڈالنے کی کوشش کی۔‘

ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ خبر میں کہا گیا کہ ہیری نے ’جھوٹ بولا‘ اور ’پولیس کے تحفظ کو بحال کرنے کے لیے اپنی قانونی لڑائی کی تفصیلات عوام سے خفیہ رکھنے کی کوشش کی۔‘

ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ نے ان کے دعوے کی تردید کی اور ان کے وکلا نے دلیل دی کہ نیوز گروپ نے ’ایماندارانہ رائے‘ کا اظہار کیا اور ہیری کی ساکھ کو ’سنگین نقصان‘ نہیں پہنچایا۔

شہزادہ ہیری کے وکیل جسٹن رشبروک کے سی نے تحریری دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اخبار کے دفاع کو خارج کر دینا چاہیے کیونکہ یہ ہیری کی جانب سے اس وقت جاری کردہ پریس بیان سے جڑے ’دو جھوٹے بیانات پر مبنی ہے‘ جب انہوں نے اسے قانونی طور پر چیلنج کیا تھا۔

برطانوی شاہی خاندان کے سینیئر رکن کی حیثیت سے عہدہ چھوڑنے اور اپنے خاندان کے ساتھ کیلیفورنیا منتقل ہونے کے بعد ہیری نے برطانیہ میں خود کار طریقے سے پولیس تحفظ فراہم نہ کرنے کے شاہی اور وی آئی پی ایگزیکٹو کمیٹی (آر اے وی ای سی) کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔

ان کے بیان میں کہا گیا: ’ڈیوک نے پہلی بار جنوری 2020 میں سینڈرنگھم میں اپنے اور اپنے اہل خانہ کے لیے برطانوی پولیس کی سکیورٹی حاصل کرنے کے لیے ذاتی طور پر ادائیگی کی پیشکش کی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اس پیشکش کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ وہ سکیورٹی کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں، نہ کہ برطانوی ٹیکس دہندگان پر مسلط کرنے کے لیے۔‘

تاہم فروری 2022 میں راویک نے ایک دستاویز میں، جو سکیورٹی دعوے کی ابتدائی سماعت کے لیے تیار کی گئی تھی، کہا تھا کہ ذاتی فنڈنگ کی ان کی پیش کش محکمے کو ’پیش نہیں کی گئی تھی۔‘

میل آن سنڈے نے اسے ’ہیری کے ابتدائی عوامی بیان کی سختی سے تردید قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ بل ادا کرنے کے لیے تیار رہے ہیں‘ جبکہ یہ بھی لکھا کہ ڈیوک کی جانب سے جاری کردہ پریس بیان نے میڈیا کو الجھن میں ڈال دیا اور عوام کو غلط معلومات فراہم کیں۔

مارچ میں سماعت کے دوران رشبروک کے سی نے کہا تھا: ’یہ بالکل واضح‘ ہے کہ ہیری کے بیان میں یہ ’دعویٰ نہیں کیا گیا  کہ ڈیوک نے راویک یا ہوم آفس کو کوئی پیشکش کی تھی یا ان کی عدالتی نظرثانی کی کارروائی اسے قبول کرنے سے انکار کو چیلنج کرنے کے لیے تھی۔‘

دریں اثنا، ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ کے اینڈریو کالڈکوٹ کے سی نے کہا کہ مقدمے کے بغیر ان کی ’ایماندارانہ رائے‘ کے دفاع کو مسترد کرنے کی کوشش ’مکمل طور پر میرٹ کے خلاف‘ تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیری کا ان کے موکل کے خلاف مقدمہ ’ریت پر کھڑا‘ ہے۔

’دعویدار پریس بیانات کے ذمہ دار تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ سکیورٹی کے لیے ادائیگی کریں گے، جب کہ انہوں نے عدالتی جائزے کے بعد تک ادائیگی کرنے پر کبھی آمادگی ظاہر نہیں کی تھی۔‘

جسٹس نکلن کے فیصلے کے نتائج سے متعلق سماعت منگل کو مقرر کی گئی تھی، لیکن جج نے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ سماعت ابھی نہیں ہوگی۔

انہوں نے یہ فیصلہ ہائی کورٹ کی جانب سے شہزادہ ہیری کے اس دعوے کی سماعت مکمل ہونے کے ایک دن بعد سنایا، جس میں کہا گیا کہ ان کے ذاتی تحفظ کی ڈگری تبدیل کرنے کا فروری 2020 کا فیصلہ ’غیر قانونی اور غیر منصفانہ‘ تھا۔

اس معاملے میں ایک اور جج کا فیصلہ بعد میں متوقع ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا