اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعے کو ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں افغانستان اور اس کے طالبان رہنماؤں کے ساتھ روابط بڑھانے کی غرض سے خصوصی نمائندے کی تقرری کی درخواست کی گئی ہے۔
اس سے پہلے نومبر میں ایک آزادانہ جائزہ رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ اگست 2021 میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد افغانستان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ روابط رکھے جائیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ آزادانہ رپورٹ کی سفارشات بالخصوص صنفی اور انسانی حقوق کے حوالے سے سفارشات کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی نمائندہ مقرر کریں۔
اس قرارداد کے حق میں سلامتی کونسل کے 13 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ روس اور چین غیر حاضر رہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اقوام متحدہ میں جاپان کے سفیر یامازاکی کازویوکی نے ووٹنگ سے قبل کہا: ’متحدہ عرب امارات اور جاپان اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ آزادانہ جائزہ آگے بڑھنے کے لیے بات چیت کی بہترین بنیاد ہے۔
’قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بین الاقوامی روابط کو زیادہ مربوط اور منظم طریقے سے بڑھانے کی ضرورت ہے، جیسا کہ آزادانہ جائزے میں کہا گیا۔‘
قرار داد منظور ہونے کے بعد امریکہ کے نمائندے نے کہا، ’امریکہ اس قرارداد میں افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے مطالبے کی پرزور حمایت کرتا ہے۔ ایک خصوصی نمائندہ افغانستان بشمول متعلقہ افغان سیاسی کرداروں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بین الاقوانی تعلقات کے لیے اچھی پوزیشن میں ہوگا۔‘
طالبان حکومت کو کسی بھی ملک یا عالمی ادارے نے فی الحال باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا اور اقوام متحدہ ان کی انتظامیہ کو ’طالبان ڈی فیکٹو اتھارٹیز‘ کے طور پر بیان کرتی ہے۔
دوسری جانب طالبان کو خواتین کو تعلیم اور ملازمت کے حق سے روکنے کے معاملے پر بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔