سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے مملکت کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون سمیت باہمی مفاد کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے بدھ کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے سعودی قیادت کی پاکستان کے لیے مدد اور گرمی جوشی کے جذبات پر شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے خبر جاری کی تھی کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے منگل کو جدہ میں اپنے دفتر میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان فوجی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔
ایس پی اے کے مطابق وزیر اعظم محمد بن سلمان کے دفتر آمد پر جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے ملاقات میں باہمی مفادات کے امور پر بھی گفتگو کی۔
اس ملاقات میں سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان بن عبدالعزیز، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد محمد العيبان، چیف آف جنرل انٹیلی جنس خالد بن علی الحمیدان، سمیت دیگر نے شرکت کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے علاوہ سعودی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فياض بن حامد الرويلي اور جمہوریہ پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
پاکستان کے وفد میں سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق، پاکستانی فوج کے کمانڈر میجر جنرل محمد جواد طارق کے سیکریٹری اور مملکت میں پاکستان کے سفارت خانے کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد عاصم بھی موجود تھے۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب رواں ہفتے ہی شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان کے لیے اپنے ملک کی حمایت کا اعادہ کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔