سعودی اعانت سے پاکستان میں بینائی کے تحفظ کا ایک اور مرحلہ مکمل

کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے حالیہ مرحلے میں سندھ کے مختلف علاقوں میں چار کیمپ لگائے، جہاں ہزاروں مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد آنکھوں کے مسائل کا ابتدائی مرحلے پر پتہ لگا کر نابینا پن سے نمٹنا اور ہزاروں افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانا تھا (کے ایس ریلیف)

سعودی عرب کے ایک فلاحی ادارے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے نابینا پن اور آنکھوں کی بیماریوں کے علاج کے لیے حال ہی میں پاکستان میں چار میڈیکل کیمپوں کے ذریعے ایک اور مرحلہ مکمل کیا ہے۔

کے ایس ریلیف نے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ صوبہ سندھ کے دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں سٹریٹجک لحاظ سے قائم یہ طبی کیمپ ایسے علاقوں میں لگائے گئے جہاں آنکھوں کے علاج کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں کہا گیا کہ اس کاوش کے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں جو صوبہ سندھ کی مختلف برادریوں کے افراد تک پہنچ رہے ہیں۔ یہ کیمپ کراچی، ماتلی، کنڈیارو اور شکارپور میں لگائے گئے، جس سے ان علاقوں کے رہائشیوں کو آنکھوں کے علاج کی خصوصی سہولیات سے فائدہ اٹھانے اور اپنی بینائی ٹھیک کروانے کا موقع ملا۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد آنکھوں کے مسائل کا ابتدائی مرحلے میں ہی پتہ لگا کر اور علاج کرنا، بینائی ضائع ہونے کے ممکنہ خدشے کا تدارک اور ہزاروں افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانا تھا۔

سعودی عرب کے اس پروگرام کی مدت کے دوران 23 ہزار 256 سے زیادہ طبی معائنے اور ایک ہزار 656 سے زیادہ آپریشن کامیابی سے مکمل کیے گئے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کمزور نظر کے علاج کے لیے تین ہزار 788 عینکیں اور ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔

کے ایس ریلیف کے بیان کے مطابق البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن اور الابراہیم آئی ہسپتال کراچی کے اشتراک سے لگائے گئے ان کیمپوں کا مقصد ایسے افراد کو آنکھوں کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہے جو خصوصی علاج تک رسائی سے محروم یا مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

میڈیکل کمیپوں کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ ان افراد کو نہ صرف ضروری علاج ملے بلکہ بصری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ان کی ضروری آئی ویئر تک رسائی بھی ہوئی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ پروگرام سعودی عرب کے انسانی بنیادوں پر کام کرنے کے عزم اور نابینا پن سے متاثرہ افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔ ان میڈیکل کیمپوں کے ذریعے کے ایس ریلیف نے ہزاروں مریضوں کی بینائی بحال کی، ان زندگیوں میں نمایاں تبدیلی پیدا کی اور روشن مستقبل کی امید دلائی ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت