پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چار کرکٹ ٹیمیں چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ چکی ہیں جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا اگلے 48 گھنٹوں میں پہنچنے والی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کی رنگا رنگ تقریب رونمائی اتوار کو شاہی قلعہ لاہور کے دیوان عام میں ہوئی۔
تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی بھرپور ثقافتی تاریخ کے دلکش پس منظر میں یہ تقریب کرکٹ کی عظمت اور رنگا رنگ روایات کا شاندار امتزاج پیش کرتی رہی، جس میں کرکٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ انتظار کیے جانے والے ٹورنامنٹس میں سے ایک کا آغاز ہوا ہے۔‘
افتتاحی تقریب میں کرکٹ کے عظیم کھلاڑی، پی سی بی کے عہدے داروں اور مداحوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خصوصی پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ماضی کے یادگار ٹورنامنٹس کے دلچسپ لمحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معروف کرکٹرز کی یادیں اور تجربات سن کر حاضرین بے حد محظوظ ہوئے، جس سے ٹورنامنٹ کے لیے جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔
تقریب میں پاکستانی اس پاکستانیی سکواڈ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جس نے 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔
پاکستان نے فائنل میں اپنے روایتی حریف انڈیا کو 180 رنز سے شکست دے کر یہ باوقار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
معروف گلوکار عاطف اسلم نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ترانے کی شاندار پرفارمنس دے کر تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔
اس موقع پر پاکستان ایئر فورس نے بھی ایک شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا جس نے تقریب کے جوش و خروش اور وقار کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
یہ ایونٹ پاکستان کے بھرپور سپورٹس اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی کرکٹ فیسٹیول کا باضابطہ آغاز بھی ہے جو لاہور، کراچی، راولپنڈی، اور دبئی سمیت مختلف مقامات پر منعقد ہوگا۔
یہ ٹورنامنٹ 19 فروری 2025 کو باضابطہ طور پر شروع ہوگا، جس کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد ایک سنسنی خیز شیڈول کے تحت مزید مقابلے ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا لمحہ 23 فروری 2025 کو دبئی میں ہونے والا انڈیا اور پاکستان کا مقابلہ ہوگا، جو روایتی حریفوں کے درمیان ایک زبردست ٹاکرا ثابت ہوگا۔
ٹورنامنٹ سے قبل انڈین ٹیم دبئی پہنچ چکی ہے جب کہ بنگلہ دیش نے اپنے پہلے میچ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
17 فروری کو بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان شاہینز کے خلاف ایک پریکٹس میچ کھیلے گی۔
اس کے علاوہ آج کراچی میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھی ایک پریکٹس میچ کھیلا جائے گا۔
اتوار کو ہونے والی تقریب سے خطاب میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ عالمی کرکٹ برادری پاکستان کی میزبانی اور تیاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گڈانی اور نیشنل سٹیڈیمز کو ریکارڈ وقت میں اپ گریڈ کیا گیا تاکہ ایونٹ کو کامیاب بنایا جا سکے۔
چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان اپنی بھرپور ثقافت اور مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستانی عوام کی محبت اور گرمجوشی کی عکاسی کرے گا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول:
- 19فروری – پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ (کراچی)
- 20 فروری – بنگلہ دیش بمقابلہ انڈیا (دبئی)
- 21 فروری – افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ (کراچی)
- 22 فروری – آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ (لاہور)
- 23 فروری – پاکستان بمقابلہ انڈیا (دبئی)
- 24 فروری – بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ (راولپنڈی)
- 25 فروری – آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ (راولپنڈی)
- 26 فروری – افغانستان بمقابلہ انگلینڈ (لاہور)
- 27 فروری – پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش (راولپنڈی)
- 28 فروری – افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا (لاہور)
- 1 مارچ – جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ (کراچی)
- 2 مارچ – نیوزی لینڈ بمقابلہ انڈیا (دبئی)
- 4 مارچ – پہلا سیمی فائنل (دبئی)
- 5 مارچ – دوسرا سیمی فائنل (لاہور)
- 9 مارچ – فائنل (لاہور)۔ اگر انڈیا فائنل میں پہنچا تو یہ میچ دبئی میں ہوگا۔
- 10 مارچ – ریزرو ڈے