نگری نگری ویزا فری کے سلسلے کی اس ساتویں قسط میں ہم وانواتو کا ذکر کریں گے۔
جنوبی بحرالکاہل میں واقع انگریزی حرف وائی کی شکل کے وانواتو جزائر کو ایک ٹراپیکل پیراڈائز سمجھا جاتا ہے اور یہ اپنے حسین ساحلوں، سرسبز و شاداب جنگلوں اور مرجان کی رنگارنگ چٹانوں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔
83 جزیروں پر مشتمل یہ چھوٹا سا ملک متنوع ثقافت اور بھرپور تاریخ کا حامل ہے جس کی وجہ سے یہ سیاحوں کے لیے یادگار بن جاتا ہے۔
وانواتو جنوب مغربی بحر الکاہل کے علاقے میلانیشیا میں واقع ہے۔ یہ آسٹریلیا کے مشرق، فجی کے مغرب اور جزائر سلیمان کے جنوب میں ہے۔
یہ ملک تقریباً 12,189 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے اور اس کی آبادی تین لاکھ 36 ہزار کے لگ بھگ ہے، جب کہ فی کس آمدن تقریباً تین ہزار ڈالر ہے۔
پاکستان سے وانواتو کا سفر کیسے کریں؟
پاکستان سے وانواتو جانا آسان نہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان براہِ راست پروازیں نہیں ہیں۔ یہاں جانے کے لیے آپ کو پہلے سنگاپور، سڈنی، یا آک لینڈ جیسے بڑے بین الاقوامی ہوائی مراکز جانا پڑے گا، جہاں سے آپ کو وانواتو کے لیے جہاز مل سکتا ہے۔
سنگاپور ایئر لائنز، کینٹس (Qantas) اور ایئر نیوزی لینڈ وانواتو کے دارالحکومت کے شہر پورٹ ویلا (Port Vila) تک پروازیں چلاتی ہیں۔
تاریخ
وانواتو کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے۔ یہ جزائر یورپی باشندوں کی آمد سے بہت پہلے میلانیشیائی باشندوں سے آباد تھے۔ ان کا مغربی دنیا سے پہلا رابطہ پرتگالی اور ہسپانوی مہم جوؤں کے ذریعے17ویں صدی میں ہوا۔
بعد میں ان جزائر کو نیو ہیبرائیڈز (New Hebrides) کے نام سے جانا جانے لگا اور برطانیہ اور فرانس دونوں نے یہاں اپنی کالونیاں قائم کیں۔
بالآخر صدیوں تک غلام رہنے کے بعد وانواتو نے 30 جولائی 1980 کو آزادی حاصل کی۔
نی وانواتو اور ان کی منفرد ثقافت
وانواتو کے لوگوں کو ’نی-وانواتو‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، اور وہ مختلف نسلی گروہوں پر مشتمل ہیں۔ ہر گروہ کی اپنی زبانیں، روایات اور رسم و رواج ہیں۔
تین سرکاری زبانیں انگریزی، فرانسیسی اور بسلاما (Bislama) ہیں۔ اس کے علاوہ ایک مخلوط زبان بھی یہاں بولی جاتی ہے جو متنوع لسانی گروہوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نی وانواتو اپنی گرمجوشی اور دوستانہ فطرت کے لیے جانے جاتے ہیں اور وہ یہاں آنے والے سیاحوں کو اپنی ثقافت دکھانے کے لیے بیتاب نظر آتے ہیں، جس میں روایتی رقص، تقریبات اور دستکاریاں وغیرہ شامل ہیں۔
معیشت: روایت اور سیاحت کا توازن
وانواتو کی معیشت روایتی کھیتی باڑی اور سیاحت پر مشتمل ہے۔ یہاں کی زرخیز آتش فشاں مٹی شکرقندی، تارو (Taro) اور ناریل جیسی فصلوں کی کاشت کے لیے بہت مناسب ہے۔ اس کے علاوہ ماہی گیری بہت سے نی وانواتو کے روزگار میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
وانواتو کے بارے میں پانچ دلچسپ باتیں
وانواتو دو لفظوں کا مجموعہ ہے، ’وانوا‘، جس کا مقامی زبان میں مطلب ہے گھر یا زمین، اور ’تو،‘ جس کا مطلب ہے کھڑے ہونا۔ دونوں کو ملا کر بنتا ہے، ’اپنی آزاد اور خودمختار زمین۔‘
عام طور پر کسی ملک پر ایک ملک قبضہ کر کے اسے نوآبادی بنا لیتا ہے، مگر وانواتو کی تاریخ اس لحاظ سے دلچسپ ہے کہ اسے دو ملکوں، یعنی برطانیہ اور فرانس نے مشترکہ طور پر اپنی کالونی بنائے رکھا۔
وانواتو ’پیسیفک رنگ آف فائر‘ کا حصہ ہے اور 80 سے زیادہ آتش فشانوں کا گھر ہے، جن میں سے کچھ اب بھی فعال ہیں۔ ان میں جزیرہ تننا (Tanna) پر واقع یاسور (Yasur) آتش فشاں سب سے مشہور ہے۔
بنجی جمپنگ (bungee jumping) کی ابتدا وانواتو کے پینٹیکوسٹ (Pentecost) جزیرے سے ہوئی تھی۔ یہاں روایتی طور پر لوگ لکڑی کے میناروں سے اپنی پنڈلیوں پر انگور کی بیلیں باندھ کر چھلانگیں لگایا کرتے تھے۔ اس کے بعد سے بنجی جمپنگ دنیا بھر میں ایک مقبول کھیل بن گئی ہے۔
خوشی کے انڈیکس یعنی ورلڈ ہیپی نیس انڈیکس میں وانواتو اکثر بہت اونچے نمبروں پر آتا ہے۔ نی وانواتو کے اطمینان کی وجہ ان کی کمیونٹی کا مضبوط احساس، فطرت سے تعلق اور سست طرز زندگی ہے۔