پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ شوال کا چاند نظر آ گیا ہے اور ملک بھر میں عید الفطر پیر 31 مارچ 2025 کو ہوگی۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مذہبی امور اور موسمیات کی وزارتوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے تھے۔
ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد نیوز کلانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک بھر میں عیدالفطر کل بروز پیر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔
اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملکی ترقی و استحکام اور ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی دعا کی۔’
عید الفطر کے حوالے سے کل ملک کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی مساجد، پارکوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔
خیبر پختونخوا کے بعض حصوں میں جزوی طور عید الفطر آج منائی گئی۔ خیبر پختونخوا اور ملک کے کئی دوسرے حصوں میں مقیم افغان پناہ گزینوں نے بھی آج عید منائی گئی۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں عیدالفطر کے تین دنوں میں پولیس کے 3000 سے زیادہ افسران اور جوان فرائض سرانجام دیں گے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’آئی جی اسلام آباد نے تمام مراكز، مارکیٹس، شاپنگ سینٹرز اور کار پارکنگ ایریاز میں چاند رات کو خصوصی سکیورٹی انتظام کرنے کی ہدایت کی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں عسکریت پسندوں کے حالیہ حملوں کے بعد رمضان کے آغاز سے ہی اسلام آباد کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔ بالخصوص ریڈ زون کے اطراف اضافی ناکے لگائے گئے۔
گذشتہ روز سکیورٹی معاملات پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز سے میٹنگ کی جس میں انہیں سکیورٹی سخت رکھنے سے متعلق ہدایات دی گئیں۔
پولیس کی عید سے قبل ہونے والی سکیورٹی میٹنگ میں طے کیا گیا کہ عید کی نماز کے لیے تمام افسران مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں اور عید پر تمام پاركس اور تفریحی مقامات میں بروقت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ’شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر اقدام اٹھایا جائے۔ عید الفطر کے موقعے پر اسلام آباد پولیس شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی لیکن شہریوں سے بھی گزارش کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔‘
اعلامیے کے مطابق ’سڑکوں پر ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور رہائشی علاقوں میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ایسے تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔‘
کمیٹی نے اعلان کیا کہ آج ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا، کئی جگہوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں لاہور، قصور، اسلام آباد شامل ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں عیدالفطر کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ بلوچستان کی اہم شاہراہوں پر رات کے اوقات میں سفر ر پابندی عائد کی گئی ہے اور ملک بھر میں سکیورٹی اداروں کو چوکس کر دیا گیا ہے۔