لبنان میں امریکی سفارت خانے پر فائرنگ، زخمی حملہ آور گرفتار

لبنان میں امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح اس کے داخلی دروازے کے قریب چھوٹے ہتھیار سے فائرنگ کی اطلاع ملی تاہم عملے کے تمام اراکین محفوظ رہے۔

لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ بدھ کو ایک مسلح شخص نے امریکی سفارت خانے پر فائرنگ کی جبکہ سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور زخمی ہو گیا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ حملہ آور شام کا شہری ہے جس کو زخمی ہونے بعد علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے اور فوجی اہلکار علاقے کی تلاشی لے رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح اس کے داخلی دروازے کے قریب چھوٹے ہتھیار سے فائرنگ کی اطلاع ملی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عمارت اور عملہ محفوظ ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حملے میں سفارت خانے کی سکیورٹی ٹیم کا ایک رکن زخمی ہوا اور لبنانی فوجیوں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور کے پیٹ پر زخم  آئے۔

امریکی سفارت خانہ بیروت کے شمال میں ایک انتہائی محفوظ زون میں واقع ہے جس کے داخلی راستے پر متعدد چیک پوائنٹس ہیں۔

گذشتہ ستمبر میں بھی امریکی سفارت خانے کے قریب فائرنگ کی گئی تھی جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اکتوبر 2023 میں غزہ جارحیت کے ابتدائی دنوں میں مظاہرین کی بڑی تعداد سفارت خانے کے باہر جمع ہوئی تھی اور لبنانی سکیورٹی فورسز نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا تھا۔

غزہ پر جارحیت کے بعد اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف بھی کارروائی کی ہے جس سے اسرائیل اور لبنان کی سرحد کے دونوں جانب ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں کیونکہ جنگ بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ امریکہ سرحد پر تشدد کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا