پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ (2014 میں) بنی گالہ عمران خان سے قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ مانگنے نہیں بلکہ ان سے کہنے گئے تھے کہ ’آؤ مل کر کام کریں۔ لیکن آپ کا رویہ روٹھے ہوئے بندے کی طرح ہے۔‘
اسلام آباد کے قریب سیاحتی مقام مری میں ہفتے کو ایوان بالا (سینیٹ) میں پاکستان مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نجے کہا کہ ’جمہوریت کا حسن مل کر کام کرنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں کینہ، عداوت یا انتقام کی نیت رکھنے والا نہیں ہوں۔‘
نواز شریف نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’انہوں نے دھرنے میں کہا وزیراعظم نواز شریف میں تمہیں کھینچ کر لاؤں گا۔ کہا گیا نواز شریف کو جیل میں ڈال کر اے سی نکلوا دوں گا۔ آج تم جیل میں ہو، میں نے تو نہیں کہا کہ کمرے سے اے سی اتارو۔ ایک کے بجائے دو اے سی لگاؤ۔ میرا دھیان تو کبھی اس طرف نہیں گیا۔‘
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ’میں تو آپ کو اسی جمہوریت میں لانے کے لیے آپ کے پاس گیا تھا لیکن گذشتہ 25 سال سے آپ کا رویہ روٹھے ہوئے بندے کی طرح ہے۔
’میں نے اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت پر دستخط کیے تھے۔‘
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’قوم کو بھی موازنہ کرنا چاہیے کہ کون کیا کرکے گیا ہے۔ حق کو حق اور سچ کو سچ کہنا ہو گا۔ پاکستان میں غریبوں کا جینا مشکل کر دیا گیا ہے، روٹی میسر ہے نہ سالن، بجلی اتنے اونچے ریٹ پر میسر ہے، میں تو گھر گھر بجلی پہنچا کر گیا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں آئی ایم ایف کا سہارے ڈھونڈنے والا بندہ نہیں ہوں۔ ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا، یہ لے کر آئے تھے۔ دوبارہ آئی ایم ایف کیوں آیا ؟ ان کی شرطوں سے غریب کیوں متاثر نہیں ہوں گے؟ ایسی پالیسی بننی چاہیےکہ بجلی اور گیس سستی آئے۔ ان دو چیزوں پر فوکس ہونا چاہیے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ نے سوال اٹھایا کہ کیا وجہ تھی کہ سابق فوجی حکمران پرویز مشرف نے ایک جمہوری حکومت کو اکھاڑ پھینکا اور اسمبلی توڑی۔
’ایک منتخب وزیراعظم کو گرفتار کیا گیا جس نے ایٹمی دھماکے کیے تھے۔‘
نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن شاہد خاقان عباسی کے بارے میں کہا کہ وہ ایک عمدہ انسان ہیں اور انہوں نے بہادری کے ساتھ جیل کاٹی اور ساتھ دیا۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کی پارٹی نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی اور شہباز شریف جلد ہی ملک کو بحرانوں سے نکال دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگلا بس کہنے والے اربوں روپے کھا کر غائب ہو گئے، میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے ملک اجاڑ کر چلےگئے۔