انڈونیشیا: لاپتہ خاتون اژدھے کے پیٹ میں مردہ پائی گئی

چار بچوں کی ماں کو جنگل سے گزرتے ہوئے ایک بڑے اژدھے نے نگل لیا تھا۔

21 ستمبر، 2021 کی اس تصویر میں انڈونیشیا کے گاؤں میں محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار ایک نو میٹر لمبے اژدھے کے ساتھ پوز دے رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈونیشا میں لاپتہ ہونے والی ایک خاتون کر 20 فٹ طویل اژدھے کے پیٹ سے مردہ حالت میں برآمد کر لیا گیا۔ 

وسطی انڈونیشیا کے صوبہ سولاویسی میں چار بچوں کی ماں، 45 سالہ فریدہ اس وقت لاپتہ ہوئیں، جب وہ بازار میں کھانے پینےکی اشیا فروخت کرنے کے لیے جنگل سے گزر رہی تھیں۔ 

ان کے 55 سالہ شوہر کو، جن کا نام نونی ہے، جنگل میں اپنی بیوی کا سامان ملنے کے بعد شک گزرا اور انہوں نے 20 فٹ لمبے ایک اژدھے کو دیکھا، جس کا پیٹ پھولا ہوا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے مذکورہ شخص اور ان کی بیوی کی شناخت نام کے صرف ایک حصے سے کروائی جس سے مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

مانا گیا ہے کہ اژدھے نے خاتون کی ٹانگ پر کاٹا اور ان کے پورے جسم کو نگلنے سے پہلے ان کے جسم کے گرد لپٹ گیا، جس سے ان کا دم گھٹ گیا۔

گاؤں والوں نے اژدھے کو پکڑ لیا اور اس کا پیٹ چاک کر دیا۔ خاتون کو اژدھے کے پیٹ میں مردہ پایا گیا۔

کلیمپانگ گاؤں کے سربراہ سوردی روزی نے بتایا کہ شوہر نے جنگل میں بیوی کو تلاش کیا، جس کے دوران انہیں ’خاتون کا سامان ملا جس نے انہیں شک میں مبتلا کر دیا۔‘

روزی کا کہنا تھا کہ ’اس کے بعد گاؤں والوں نے علاقے کو کھنگالا جس پر انہوں نے جلد ہی ایک اژدھے کو دیکھا جس کا پیٹ پھولا ہوا تھا۔‘

اخبار ڈیلی میل کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد کئی دوسرے دیہات کے لوگوں نے اژدھے کو پکڑنے میں ان کی مدد کی۔ ان کی بیوی کی لاش سانپ کے پیٹ میں پائی گئی۔ انہیں دفنانے سے پہلے انہیں ان کے گھر لے جایا گیا۔‘ 

خاتون کے شوہر نے بیوی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں ’ہمیشہ افسوس رہے گا کہ میں نے اپنی بیوی کو اکیلا باہر جانے دیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 خاتون کی لاش گاؤں واپس لانے کے بعد بہت سے لوگ ان کی موت کا سوگ منانے کے لئے جمع ہو گئے۔

انڈونیشیا میں اژدھوں کے ہاتھوں انسانوں کی موت کے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں لیکن ایسا ہونا خلاف معمول نہیں۔ اسی طرح کے واقعات میں متعدد افراد جان گنوا چکے ہیں۔

گذشتہ سال جنوب مشرقی سولاویسی کے ضلع تننگیا میں ایک کسان کو اژدھے نے ان کا دم گھونٹ کر جان سے مار دیا تھا۔

علاقے کے لوگوں نے آٹھ میٹر لمبے اژدھے کو اس وقت مار دیا تھا، جب اس نے انہیں نگلنے کی کوشش کی۔

2022 میں صوبہ جمبی میں ایک خاتون کو اژدھے نے مکمل طور پر نگل لیا تھا۔ 54 سالہ جاہرہ ایک کھیت سے ربر جمع کرتے ہوئے لاپتہ ہو گئیں تھیں۔

مقامی لوگوں کو دو دن بعد ایک سانپ ملا جس کا پیٹ پھولا ہوا تھا۔ خاتون کی لاش اژدھے کے پیٹ سے برآمد ہوئی۔

2018 میں بھی ایک اژدھے نے دو بچوں کی ماں کو زندہ نگل لیا تھا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا